ممبئی ۔ 28 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر شیوسینا ادھو ٹھاکرے کو آج چیف منسٹر مہاراشٹرا کے طور پر حلف دلایا گیا، جو کانگریس اور این سی پی کے ساتھ غیر متوقع اتحاد کی قیادت کر رہے ہیں۔ 59 سالہ ٹھاکرے اس عہدہ پر فائز ہونے والے تیسرے سینا لیڈر اور ٹھاکرے فیملی سے پہلے شخص ہیں۔ ان کے والد بال ٹھاکرے نے 1995-99ء کے دوران پہلی سینا ۔ بی جے پی حکومت پر ریموٹ کنٹرول کے ذریعہ گرفت بنائے رکھی تھی لیکن وہ کبھی حکومت کا حصہ نہیں بنے۔ گورنر بھکت سنگھ کوشیاری نے زعفرانی لباس میں ملبوس ٹھاکرے اور 6 وزراء کو یہاں وسیع و عریض شیواجی پارک میں جو سینا کی دسہرہ ریالیوں کا مقام ہے ، حلف دلایا۔ گورنر کوشیاری نے چیف منسٹر ٹھاکرے کو 3 ڈسمبر تک اکثریت ثابت کرنے کیلئے کہا ہے۔ اس تقریب میں موجود شخصیتوں میں سربراہ این سی پی شرد پوار ، چیف منسٹر مدھیہ پردیش کمل ناتھ ، سینئر کانگریس قائدین احمد پٹیل اور ملک ارجن کھرگے ، سربراہ ایم این ایس راج ٹھاکرے اور ڈی ایم کے لیڈر ایم کے اسٹالن شامل ہیں۔ کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی ان شخصیتوں میں سے ہیں جنہیں مدعو کیا گیا لیکن وہ شریک نہ ہوسکیں۔ انہوں نے ادھو اور ایم پی سی سی سربراہ بالاصاحب تھوراٹ کو مبارکبادی کے پیامات بھیجے۔ تھوراٹ حلف لینے والے 6 وزراء میں شامل ہیں۔ سونیا گاندھی کے مکتوب میں کہا گیا کہ شیوسینا ، این سی پی اور کانگریس ایسے وقت نہایت غیر معمولی حالات میں یکجا ہوئے ہیں، جب ملک کو بی جے پی سے عدیم النظیر خطرات کا سامنا ہے۔ تھوراٹ کو مکتوب میں سونیا گاندھی نے اعتماد کا اظہار کیا کہ کانگریس ۔این سی پی ۔ شیوسینا اتحاد مستحکم اور ذمہ دار حکومت فراہم کرے گا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ادھو ٹھاکرے کو مہاراشٹرا کے سی ایم کی حیثیت سے حلف لینے پر مبارکباد پیش کی ۔
انہوں نے ٹوئیٹ کیا ’’مجھے اعتماد ہے کہ آپ مہاراشٹرا کے روشن مستقبل کیلئے پرجوش انداز میں کام کریں گے‘‘۔ ٹھاکرے نے 21 اکتوبر کے مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کے نتائج 24 اکتوبر کو جاری کرنے کے ایک ماہ بعد چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا ہے۔ ایکناتھ شنڈے ، سبھاش دیسائی (دونوں شیوسینا) ، جیئنت پاٹل، چھگن بھوجبل (دونوں این سی پی) ، بالا صاحب تھوراٹ اور نتن راوت (دونوں کانگریس) وزراء کے طور پر حلف دلائے گئے۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر مہاراشٹرا اجیت پوار ، ان کی کزن اور ایم پی سپریا سولے ، ادھو کی شریک حیات لکشمی ، ان کے ایم ایل اے فرزند ادتیہ ، صنعت کار مکیش امبانی ، ان کی شریک حیات نیتا اور فرزند اننت بھی اس تقریب میں موجود رہے۔ شیوسینا ، این سی پی اور کانگریس چیف منسٹر کے عہدہ کی تقسیم کے معاملہ میں ماقبل چناؤ حلیف بی جے پی کے ساتھ شدید اختلاف کے بعد اتحاد سے علحدہ ہوجانے کے نتیجہ میں یہ مخلوط حکومت تشکیل دے پائے ہیں۔ بی جے پی 105 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری۔ شیوسینا ، این سی پی اور کانگریس نے 288 رکنی مہاراشٹرا اسمبلی میں ترتیب وار 56 ، 54 اور 44 نشستیں جیتے ہیں۔ آج کی حلف برداری تقریب کئی دنوں کے ڈرامائی ، سیاسی تبدیلیوں کے بعد ہوئی ، جس میں تین دن بی جے پی کے دیویندر فڈنویس زیر قیادت حکومت رہی جسے غیر متوقع طور پر این سی پی لیڈر اجیت پوار سے تائید حاصل ہوئی، جو اس کے بعد شرد پوار زیر قیادت پارٹی کی صف میں واپس ہوچکے ہیں۔ ایسا اندازہ تھا کہ اجیت پوار کو آج ہی ڈپٹی چیف منسٹر کے طور پر حلف دلایا جائے گا لیکن تقریب میں این سی پی کے صرف دو وزراء نے حلف لیا۔ 14 ویں ریاستی اسمبلی کا خصوصی اجلاس یہاں چہارشنبہ کو منعقد کیا گیا جہاں عبوری اسپیکر کالیداس کولامبکر نے 285 نو منتخب ارکان کو حلف دلایا۔ کالیداس کو گورنر کوشیاری نے اس عہدہ کیلئے مقرر کیا تھا۔ ادھو ٹھاکرے مہاراشٹرا کے 18 ویں سی ایم ہیں۔ تاہم میعادوں کی تعداد کو دیکھے تو وہ ریاست کے 29 ویں چیف منسٹر رہیں گے۔ ممتاز فوٹو گرافر اور بالعموم نرم گفتار سیاستدان ادھو ٹھاکرے نے اسمبلی چناؤ کے نتائج کا اعلان ہونے کے فوری بعد چیف منسٹرشپ باری باری سنبھالنے کے مطالبہ پر بی جے پی سے نمٹنے میں اپنے والد کے جارحانہ تیور کا مظاہرہ کیا ہے۔