ٹھاکرے کے بغیر شیوسینا کو نہیں چلایا جاسکتا:ادھو ٹھاکرے

   

نئی دہلی: مہاراشٹر میں جاری سیاسی گھمسان کے درمیان جمعہ کو وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے پارٹی کے ضلعی عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کی ۔ اس درمیان ادھو ٹھاکرے نے باغیوں سے کہا کہ آپ ٹھاکرے کے بغیر شیوسینا نہیں چلا سکتے۔ ٹھاکرے نے کہا کہ میں نے ایکناتھ شندے اور ان کے بیٹے شری کانت شندے کے لیے کیا کچھ نہیں کیا۔ نیز انہوں نے اپنی پارٹی اور ایم وی اے حکومت کے وجود کو لاحق خطرے کو لے کر عہدیداروں کے اندیشوں کو دور کرنے کی بھی کوشش کی۔ادھو ٹھاکرے نے ضلعی عہدیداروں کی میٹنگ میں مزید کہا کہ میں نے ورشا چھوڑا، مطلب لگاؤ ​​چھوڑا.. ضد نہیں چھوڑی۔ میں نے خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ میں اس عہدہ پر جاؤں گا ۔ مجھے اس عہدہ سے کوئی لگاؤ ​​نہیں ہے۔ مجھے اقتدار کا لالچ نہیں ہے، اس لئے میں ورشا کو چھوڑ کر ماتوشری آگیا۔ ہم سب کو مل جل کر لڑنا ہے۔ ہماری حکومت بنتے ہی کورونا آگیا ۔ اگر وہ مر بھی جائیں تو شیو سینا نہیں چھوڑیں گے، یہ کہہ کر وہ آج بھاگ گئے ۔