ٹھیلہ بنڈی رانوں کو کچرے دان ساتھ رکھنا ہوگا

   

Ferty9 Clinic

’ صاف حیدرآباد ، شاندار حیدرآباد ‘ مہم کے تحت جی ایچ ایم سی کا فیصلہ
حیدرآباد۔9جولائی (سیاست نیوز) شہر میں ٹھیلہ بنڈی پر تجارت کرنے والوں کو اب اپنے کچرے دان ساتھ رکھنے ہوں گے اور اگر وہ کچرا سڑک پر پھینکتے ہیں تو ان پر بھی بھاری چالانات کئے جائیں گے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جاری ’ صاف حیدرآباد ‘ شاندار حیدرآباد‘ مہم کے سلسلہ میں جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے فیصلہ کیا ہے کہ شہر حیدرآباد میں ٹھیلہ بنڈی پر کاروبار کرنے والوںکو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ اپنے کچرے دان اپنے ساتھ رکھیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر دانا کشور نے اس سلسلہ میں عہدیداروں سے مشاورت کرتے ہوئے احکام جاری کئے ہیںکہ وہ اپنے زونس میں موجود ٹھیلہ بنڈی رانوں کو اس بات کا پابند بنانے کے اقدامات کریں اور ایسا نہ کرنے اور سڑکوں پر گندگی پھیلانے والے ٹھیلہ بنڈی رانوں پر بھی بھاری چالانات عائد کرتے ہوئے سڑکوں پر کچرا پھینکنے کے سلسلہ کو فوری بند کروایا جائے۔ ذرائع کے مطابق شہر حیدرآباد میں موجود ٹھیلہ بنڈی رانوں کے مقامات کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے صبح کی اولین ساعتوں میں ان مقامات کا جائزہ لیتے ہوئے جن مقامات پر کچہرے کے انبار نظر آئیں گے ان مقامات پر کاروبار کرنے والے ٹھیلہ بنڈی رانوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔بتایاجاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے صفائی عملہ کو اس بات کی بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شہر میں گھوم کر کاروبار کرنے والے ٹھیلہ بنڈی رانوں پر بھی خصوصی نظر رکھیں اور جن ٹھیلہ بنڈی رانوں کی جانب سے سڑکوں پرکچرے پھینکا جاتا ہے تو ان پر فوری کاروائی کرتے ہوئے چالان کیا جائے۔ شہر کی سڑکوں کو صاف ستھرا بنانے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے تحت جی ایچ ایم سی عہدیداروں کی جانب سے روزانہ تجارتی اداروں بالخصوص شراب خانوں‘ ریستوراں اور جن مقامات سے زیادہ کچہرا نکلتا ہے تجارتی مراکز کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں بھاری چالانات کئے جا رہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ جی ایچ ایم سی نے دونوں شہروں میں موجود شادی خانوں سے نکلنے والے کچرے کو تلف کرنے اور منتقل کرنے کے سلسلہ میں بھی نئی پالیسی تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ٹھیلہ بنڈی رانوں کی جانب سے اگر سڑکوں پر کچہرا پھینکا جاتا ہے اور سڑکو ںکو گندہ کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں ان پر بھاری چالان اور ٹھیلہ بنڈی کی ضبطی کی بھی گنجائش فراہم کی جا رہی ہے اور عہدیداروں کو ہدایت دی جاچکی ہے کہ وہ اپنے طور پر ان کے خلاف مناسب کاروائی کو یقینی بنائیں۔