ٹیسلا کمپنی کوتلنگانہ میں سرگرمیاں شروع کرنے کے ٹی آر کی دعوت

,

   

صنعتوں کی ترقی اور پائیداری میں تلنگانہ چمپئن اور سرمایہ داروں کی جنت : ریاستی وزیر کا ٹوئیٹ
حیدرآباد ۔ 15 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے ٹیسلا کمپنی کے بانی و چیف ایگزیکیٹیو آفیسر ایلن مسک کو ایک ٹیوئیٹ کرتے ہوئے تلنگانہ میں اپنی سرگرمیاں شروع کرنے کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسلا کی سرگرمیاں ملک اور تلنگانہ میں شروع ہوتی ہے تو وہ خوشی محسوس کریں گے۔ واضح رہیکہ امریکی الیکٹرک کاروں کی کمپنی کے چیف ایگزیکیٹیو آفیر ایلن مسک نے ہندوستانی مارکٹ میں ٹیسلا گاڑیاں متعارف کرانے کے معاملے میں مرکزی حکومت سے کئی چیلنجس کا سامنا ہونے کا دعویٰ کیا جس پر کے ٹی آر نے انہیں ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے تلنگانہ میں اپنی سرگرمیاں شروع کرنے کی دعوت دی۔ حکومت سے مکمل تعاون کرنے کا تیقن دیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ صنعتوں کی ترقی، سرمایہ کاری اور پائیداری کے معاملے میں تلنگانہ چمپئن ہے۔ ساتھ ہی سرمایہ کاروں کیلئے تلنگانہ جنت میں تبدیل ہوگیا ہے۔ اس موقع پر ریاستی وزیر کے ٹی آر نے ٹیسلا ماڈل X کار کی تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے اپنے پرانے ٹوئیٹ کو دوبارہ ری ٹوئیٹ کیا ہے جس میں کے ٹی آر کی جانب سے چلائی گئی کار کی تصاویر شامل ہیں۔ اپنے ٹوئیٹ میں کے ٹی آر نے ایلن مسک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ تلنگانہ ریاست کے وزیر آئی ٹی اور صنعت ہیں۔ اگر ٹیسلا کمپنی کی سرگرمیاں تلنگانہ میں شروع ہوتی ہیں تو وہ اس کا خیرمقدم کریں گے۔ کے ٹی آڑ کے ٹوئیٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایلن مسک نے کہا کہ اس مسئلہ پر مرکز سے ہنوز مشاورت جاری ہے۔ مزید ایسے مسائل ہیں جس کا حل برآمد ہونا باقی ہے۔ دو سال قبل ہی ایلن مسک نے ہندوستان کی مارکٹ میں ٹیسلا کمپنی متعارف کرنے کا اعلان کیا تھا۔ درآمدی ٹیرف کے مسئلہ پر مرکزی حکومت اور ٹیسلا کمپنی کے درمیان تعطل کا شکار ہے مگر مرکزی حکومت نے رعایتوں کے معاملے میں مثبت ردعمل کا اظہار کرنے کا تیقن دیا ہے۔ن

کے ٹی آر کی دعوت کا مختلف گوشوں کی جانب سے خیرمقدم
حیدرآباد۔ 15 جنوری ( آئی این این ) وزیر صنعت کے ٹی راما راؤ کی جانب سے ٹیسلا کمپنی کو ریاست میں سرگرمیاںشروع کرنے کی دعوت کا سوشیل میڈیا پر بہت زیادہ خیر مقدم کیا جا رہا ہے ۔ صحافیوں ‘ عوامی صارفین ‘ اداکاروں اور صنعت کاروں نے کے ٹی آر کی اس تجویز کا خیر مقدم کیا ہے ۔ ان کی اس تجویز پر مشتمل ٹوئیٹ کے فوری بعد فلمی اداکاروں ‘ صحافیوں اور صنعتی حلقوں نے اس کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ کے ٹی راما راؤ کی اس پہل کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ کئی حلقوں کا یہ تاثر بھی تھا کہ ٹیسلا کمپنی کیلئے ریاست میں حالات سازگار ہیں۔