ویلنگٹن۔3 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) تجربہ کاربیٹسمین راس ٹیلر کو نیوزی لینڈ کاسال کا بہترین کرکٹر منتخب کیا گیا۔ انہوں نے تینوں فارمیٹ میں شاندار کارکردگی کے لئے تیسری بار رچرڈ ہیڈلی میڈل حاصل کیا۔ ٹیلر رواں سیزن میں اسٹیفن فلیمنگ کو پیچھے چھوڑکر ٹسٹ کرکٹ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رن بنانے والے بیٹسمین بنے۔ یہ ہی نہیں وہ تینوں فارمیٹ میں100 بین الاقوامی میچ کھیلنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بھی بنے۔انہوں نے گزشتہ سال میں تمام فارمیٹس میں1389 رنز بنائے اور جولائی میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ٹیلر نے تین دن تک چلے ایوارڈ تقریب کے اختتام کے بعد کہاکہ یہ سیزن اتار چڑھاو سے بھرا رہا۔ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنا اور پھر اسے گنوانا۔ باکسنگ ڈے ٹسٹ میچ کا حصہ بننا اور وہاں نیوزی لینڈ کے حامیوں کی بے پناہ حمایت میں کبھی نہیں بھلا سکتا۔نیوزی لینڈ کے عظیم کرکٹر ہیڈلی نے ٹیلر کو اس کامیابی کے لیے مبارک باد دی۔ انہوں نے کہاکہ میں آپ کو 2006 سے کھیلتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔ آپ نے جب اپنا پہلا ونڈے اور پھر ٹسٹ میچ کھیلا تھا تو میں سلیکشن کمیٹی کا حصہ تھا۔ آپ بہترین کھلاڑی ہو۔آپ کا ریکارڈ شاندار ہے اور نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے میں نہ صرف نیوزی لینڈ کرکٹ بلکہ عالمی کرکٹ میں آپ کی شراکت کے لئے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ٹیلر اس وقت نیوزی لینڈ کے کامیاب ترین بیٹسمین ہیں۔