ٹیم انڈیانے جنوبی افریقہ کیخلافT20 سیریز جیت لی

   

آخری میاچ میںمیزبان ٹیم کو 135رنز سے شکست‘تلک ورما میان آف دی میاچ اور سیریز
جوہانسبرگ (جنوبی آفریقہ )ہندوستان نے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ کو 135 رنز کے بڑے فرق سے شکست دیکر T20سیریز3-1سے جیت لی۔ اس طرح سوریہ کمار یادو کی قیادت میں ہندوستان نے چار ٹی ٹوینٹی میچوں کی سیریز میں شاندار کامیابی حاصل کرلی ہے۔ جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 283 رنز کا نشانہ ملا تھا لیکن جنوبی افریقہ کی ٹیم 18.2 اوورز میں 148 رنز پر ہی سمٹ گئی۔ اس سے قبل ہندوستانی ٹیم نے 20 اوورز میں 1 وکٹ پر 283 رنز بنائے تھے۔ہندوستان کے 283 رنز کے جواب میں بیٹنگ کرنے آئی جنوبی افریقہ کی ٹیم کا آغاز انتہائی خراب رہا۔ ریزا ہنریکز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ ریزا ہینریکس کو ارشدیپ سنگھ نے آؤٹ کیا۔ اسی دوران ریون رکلیٹن 1 رن بنا کر ہاردک پانڈیا کا شکار بن گئے۔ جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مارکرم 8 گیندوں پر 8 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ ہینرک کلاسن اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے۔جنوبی افریقہ کے 4 بلے باز 10 رنز بنا کر پویلین چلے گئے تھے تاہم اس کے بعد ڈیوڈ ملر اور ٹرسٹن اسٹبس کے درمیان اچھی شراکت داری ہوئی۔ دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کیلئے 54 گیندوں پر 86 رنز جوڑے۔ ڈیوڈ ملر 27 گیندوں پر 36 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ ٹرسٹن اسٹبس نے 29 گیندوں پر 43 رنز بنائے۔ مارکو جانسن 12 گیندوں پر 29 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ لوٹے۔ہندوستان کی جانب سے ارشدیپ سنگھ نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ ورون چکرورتی اور اکشر پٹیل کو دو دو کامیابیاں حاصل کی۔ ہاردک پانڈیا، رمندیپ سنگھ اور روی بشنوئی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پہلے بیٹنگ کرنے آئی ہندوستانی ٹیم نے 20 اوورز میں 1 وکٹ پر 283 رنز بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے سنجو سیمسن اور تلک ورما نے سنچریاں اسکور کیں۔ سنجو سیمسن اور تلک ورما نے اس سیریز میں دوسری بار سنچری کا ہندسہ عبور کیا ہے۔ تلک ورما 47 گیندوں پر 120 رنز بنانے کے بعد ناقابل شکست واپس لوٹے جبکہ سنجو سیمسن 56 گیندوں پر 109 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ لوٹے۔شاندار بیاٹنگ اور سنچری کیلئے تلک ورما کو میان آف دی میاچ اور میان آف دی سریزکے ایوارڈ ز سے نوازا گیا۔ جنوبی آفریقہ کے خلاف ٹی ٹوئینٹی سیریز میں شاندار کامیابی سے ٹیم انڈیا کے حوصلے کافی بلند ہیں ۔ ٹیم انڈیا کا پرتھ میں آسٹریلیا کی طاقتور ٹیم سے اب 22نومبر کو ٹسٹ میاچ میں مقابلہ ہوگا ۔