واشنگٹن۔ 4 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست ٹینیسی میں تباہ کن ٹورناڈو کے باعث کم از کم 24 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس بگولے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ کئی مکانات، گاڑیوں اور جہازوں تک کو نقصان پہنچا۔ امریکی ریاست ٹینیسی میں منگل 3 مارچ کو طوفانی ہواؤں کا آغاز علی الصبح ہوا جب بیشتر افراد سوئے ہوئے تھے۔ ٹورناڈو سے متعلق لوگوں کو خبردار تو کیا گیا تھا لیکن لوگ اس کی شدت کے بارے میں بہت زیادہ باخبر نہیں تھے۔ حکام کے مطابق اس بگولے کے باعث کم سے کم چوبیس افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ بڑے پیمانے پر مالی نقصان بھی ہوا۔ طوفان سے پھیلنے والی تباہی کے سبب ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہو گئے۔ ٹینیسی میں ’سپر ٹیوز ڈے‘ یعنی منگل کے روز ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار کی دوڑ کیلئے ووٹنگ ہونی تھی تاہم ووٹنگ سے چند گھنٹے قبل ہی ٹورناڈو شروع ہوا۔ ’سپر ٹیوز ڈے‘ اس لحاظ سے بہت اہم دن ہے کیونکہ اسی روز کی ووٹنگ سے یہ فیصلہ ہوتا ہے کہ صدارتی انتخابات کیلئے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے امیدوار کون ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ خراب موسم کے باوجود بہت سے علاقوں میں رات دیر تک ووٹنگ جاری رہی۔ ٹینیسی کے گورنر بل لی نے ہنگامی حالات کا اعلان کر دیا ہے اور پوری ریاست میں بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ متاثرین کیلئے شیلٹرز بھی قائم کئے جا رہے ہیں ۔