ٹیٹ امتحان کے انعقاد کیلئے نوٹیفیکیشن کی اجرائی

   

آج سے /16 اگست تک آن لائن درخواستیں قبول کی جائیں گی ۔ /15 ستمبر کو امتحان ہوگا
حیدرآباد ۔ یکم / اگست (سیاست نیوز) حکومت نے ٹیٹ کا اعلامیہ جاری کردیا ہے ۔ /15 ستمبر کو ٹیٹ پیپر 1 اور پیپر 2 امتحانات کا انعقاد ہوگا ۔ /2 اگست یعنی آج سے /16 اگست تک آن لائن درخواستیں قبول کی جائیں گی ۔ پیپر ۔1 امتحان تحریر کرنے کی ڈی ای ڈی اور بی ای ڈی امیدواروں کو موقع دیا جارہا ہے ۔ بی ای ڈی اہل امیدوار پیپر ۔ 2 کے ساتھ پیپر ۔ 1 امتحان میں بھی شرکت کرسکتے ہیں ۔ حال میں وزارتی سب کمیٹی نے ٹیٹ امتحان کے انعقاد کی منظوری دی تھی ۔ جس کے پیش نظر ایس سی ای آر ٹی عہدیداروں نے ٹیٹ کے انعقاد کیلئے تجاویز تیار کرکے سکریٹری تعلیم وکاٹی کرونا کے حوالے کیا تھا جبکہ محکمہ تعلیم نے متعلقہ تجاویز کو منظوری دی ہے ۔ حکام نے ٹیٹ کے انعقاد کیلئے تیاری کے بعد اعلامیہ جاری کیا ہے ۔ واضح رہے کہ ٹیٹ امتحان میں شرکت کیلئے /2 تا /16 اگست درخواستیں قبول کی جائیں گی ۔ درخواست فیس 400 روپئے رہے گی اور آن لائن ویب سائیٹ https://tstet.cgg.gov.in میں درخواستیں قبول کی جائیں گی ۔ /15 ستمبر کو ایک دن دو سیشنس میں ٹیٹ امتحان کا انعقاد کیا جائیگا ۔ پیپر ۔ 1 صبح 9.30 بجے سے دوپہر 12 بجے تک اور پیپر -2 دوپہر 2.30 بجے سے شام 5 بجے تک منعقد کیا جائے گا ۔ اندازہ کے مطابق ریاست میں 1.5 لاکھ ڈی ایڈ اور 4.5 لاکھ افراد بی ایڈ امیدوار ہیں ۔ سال 2017 ء میں ٹی آر ٹی نوٹیفیکیشن کے تحت 8792 ٹیچرس کے تقررات کئے گئے تھے ۔ پہلے ٹیٹ کی میعاد 7 سال تھی لیکن دو سال قبل ٹیٹ کی مدت تاحیات کردی گئی ۔ اس کے علاوہ ماضی میں سیکنڈری گریڈ ٹیچر (ایس جی ٹی) کے عہدیداروں کیلئے امتحان تحریر کرنے کی ڈی ایڈ امیدواروں کو موقع دیا جاتا تھا ۔ تاہم حال میں بی ایڈ کے طلبہ کو موقع دینا طئے ہوا ۔ یہ فیصلہ ماضی میں ٹیٹ کوالیفائی کرنے والوں کے علاوہ بی ایڈ کرنے والوں کیلئے راحت ثابت ہوا ہے ۔ ریاست میں تقریباً 2 لاکھ افراد نے ٹیٹ کوالیفائی نہیں کیا ہے ۔ ان کے علاوہ مزید 20 ہزار ایسے امیدوار ہیں جنہوں نے بی ایڈ اور ڈی ایڈ کی تعلیم مکمل کی ہے ۔ ان سب کو ایک بار پھر تازہ ترین ٹیٹ امتحان تحریر کرنے کا موقع فراہم ہوگا ۔ ن