ٹیپو سلطان جینتی سرکاری طورپرنہیں منائیگی یڈی یورپا حکومت۔ احکامات جاری

,

   

کرناٹک کے وزیراعلیٰ بی ایس یڈی یورپا نے 10 نومبر سے ریاست بھر میں منائی جانے والی ٹیپو جینتی تقاریب نہیں منانے کا فیصلہ کیاہے۔ اس سلسلہ میں سرکاری احکامات بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔کرناٹک کے محکمہ ثقافت نے یہ احکامات جاری کیے ہیں۔ کل منعقدہ کابینہ میٹنگ میں لیے گئے فیصلے کے بعد آج احکامات جاری کیے گئے ہیں۔یادرہے کہ ریاست کرناٹک میں حکومت کی جانب سے جملہ 23معزز شخصیتوں کی جینتی منائی جاتی ہے۔ اس میں ہر جینتی کا ایک الگ مقام ہے۔ ان جینتیوں کے انعقاد کے سلسلے میں کوئی بھی شخص یا طبقہ کسی قسم کی رکاوٹ یا تنقید نہیں کرتاہے۔

واضح رہے کہ 2014 میں کانگریس نے ‘ٹیپو جینتی’ منائے جانے کی شروعات کی تھی۔ ہر برس ‘ٹیپو جینتی’ کو احتجاج اور عدالتی مقدمات کا سامنا رہتاتھا۔دوسر جانب بی جے پی شیر میسور ٹیپو سلطان کو ہندو دشمن اور ہندوووں کے قاتل ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے جینتی تقریب کی مخالفت کررہی ہے اور اب ریاست میں اقتدارحاصل کرنے کے بعد بی جے پی نے ٹیپو سلطان سالگرہ تقاریب سرکاری طورپرنہیں منانے کا فیصلہ کیاہے ۔

بی جے پی کا کہناہے کہ ٹیپو سلطان کوئی مجاہد نہیں۔ انہوں نے بہت سے ہندوؤں کو قتل کیا اورمندروں پر حملے کیے۔ کانگریس۔جےڈی ایس حکومت ایسے شخص کو بہتر شبیہ کے بطور کیوں پیش کرتی رہی ہے۔ یہ محض ووٹ بینک کی سیاست ہے۔ یڈی یورپا حکومت کے اس فیصلہ کےبعد اب کرناٹک میں سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ کا امکان ہے۔ کانگریس اور جے ڈی ایس نے اس فیصلہ کی مخالفت کی ہے۔