ویب کونسلنگ کے دوران سافٹ ویر میں کوئی تکنیکی خرابی پیدا نہ ہو، وزیر تعلیم کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/17 جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے اساتذہ کے تبادلوں اور ترقیوں کے عمل کو شفاف طریقہ سے انجام دینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ وزیر تعلیم نے آج محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا اور ٹیچرس کے تبادلوں اور ترقیوں کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔ سبیتا اندرا ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ترقیوں اور تبادلوں کے عمل کو مکمل شفاف اور جوابدہی کے ساتھ غلطیوں سے پاک بنائیں اور اس عمل کیلئے رہنمایانہ خطوط اور شیڈول کی تیاری پر خصوصی توجہ دیں۔ ترقیوں اور تبادلوں کے عمل کو قانونی مسائل سے بچانے کیلئے مناسب احتیاطی اقدامات کو قطعیت دی جائے۔ طویل عرصہ سے ٹیچرس ترقی اور تبادلوں کا انتظار کررہے ہیں حکومت نے اس کی منظوری دے دی ہے۔ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیدار چوکنا رہیں اور اسے بغیر کسی رکاوٹ کے آسانی سے مکمل کیا جائے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ویب کونسلنگ کے ذریعہ ٹیچرس کے تبادلوں کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس لئے عہدیداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے مقصدکیلئے استعمال کئے جانے والے سافٹ ویر میں کوئی تکنیکی خرابی پیدا نہ ہو اس کا خاص خیال رکھا جائے۔ ترقیوں اور تبادلوں میں کسی ایک ٹیچر کے ساتھ بھی ناانصافی نہ ہونے پائے اور اس عمل کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جائے۔ تبادلوں کے عمل میں اہم کردار ادا کرنے کیلئے مختلف سطحوں پر عہدیداروں کی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ اس عمل کو آسانی سے پورا کرنے کیلئے ریاستی سطح کے عہدیداروں کو مختلف اضلاع کے سوپر وائزرس کے طور پر تعینات کیا جائے۔ن