بنگلورو : کرناٹک ہائیکورٹ کو ٹیچروں کی پیروی کرنے والے کونسل نے چہارشنبہ کو مطلع کیا کہ اڈوپی پری یونیورسٹی گرلز کالج کے ٹیچروں کو حجاب تنازعہ کے پس منظر میں دھمکایا جارہا ہے۔ سینئر کونسل ایس ایس ناگانند نے چیف جسٹس ریتوراج اوستھی کی سربراہی والی 3 رکنی بنچ کو بتایا کہ انہیں ٹیچروں کو دھمکانے سے متعلق اطلاع ملی ہے اور اس ضمن میں متعلقہ پولیس میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچروںکو مخصوص تنظیم کی جانب سے دھمکایا جارہا ہے۔ اس پر جسٹس کرشنا ڈکشٹ جو جسٹس جے ایم قاضی کے ساتھ بنچ میں شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ اس معاملہ سے پہلے ہی بنچ کو واقف کیوں نہیں کرایا گیا۔ آپ کو اس کا انکشاف کرنا چاہئے تھا۔ کیا آپ اس سے خوفزدہ ہیں یا اور کوئی بات ہے؟ جج کی باتوں کے جواب میں ایڈوکیٹ جنرل پربھو لنگ نودگی نے بیان کیا کہ انہیں اس تعلق سے اطلاع نہیں ہے۔ وہ اس بارے میں معلومات حاصل کریں گے۔