DSC-2008 امیدواروں کو کنٹراکٹ پر ملازمت فراہمی کی تیاری
حیدرآباد۔ 17 جنوری (سیاست نیوز) ٹیچر میاں بیوی جوڑے کے تبادلوں میں ڈی ایس سی 2008ء امیدواروں کی پوسٹنگ سے متعلق فائیل کو چیف منسٹر ریونت ریڈی نے منظوری دے دی ہے۔ 317 جی او کی وجہ سے نقصانات کا شکار ہونے والے میاں بیوی کو ایک ہی ضلع میں خدمات فراہم کرنے کی کابینی سب کمیٹی نے اجازت دی ہے۔ اس سلسلے میں تقریباً 840 ٹیچرس نے درخواستیں داخل کی ہیں جس کی رپورٹ محکمہ تعلیم نے چیف منسٹر کو روانہ کی تھی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی بیرونی ممالک کے دورہ پر روانہ ہونے سے قبل مذکورہ فائیل پر دستخط کی ہے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے آئندہ ایک دو دن میں جی او جاری ہونے کا قوی امکان ہے۔ ٹیچرس تنظیم پی آر ٹی یو کے ریاستی صدر جی اومکار ریڈی ، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر پاروتی ستیہ نارائن نے مشترکہ بیان میں یہ بات بتاتے ہوئے حکومت سے اظہار تشکر کیا ہے۔ ڈی ایس سی 2008ء میں نقصان کا شکار ہونے والے 2,367 بی ایڈ امیدواروں سے انصاف کرنے کا حکومت نے فیصلہ کرتے ہوئے انہیں کنٹراکٹ کی بنیاد پر منیمم ٹائم اسکیل کے تحت کنٹراکٹ پر ملازمت فراہم کرنے کا 24 ستمبر 2023ء کو فیصلہ کیا تھا۔ انہیں اپنے دستاویزات اَپ ڈیڈ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ کنٹراکٹ کی بنیاد پر ایس جی ٹی کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کیلئے 1800 امیدواروں نے ردعمل کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے انہیں پوسٹنگ دینے کیلئے رہنمایانہ خطوط تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ جاریہ تعلیمی سال سے ہی انہیں پوسٹنگ دی جائے گی یا آئندہ تعلیمی سال سے ان کی خدمات سے استفادہ کیا جائے، اس پر ہنوز کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے اس سلسلے میں تفصیلی مشاورت کی جارہی ہے۔ 2