ٹیکساس: گاڑی کی ٹکر سے تارکینِ وطن سمیت8 افراد ہلاک

   

واشنگٹن :امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے سرحدی شہر براؤنس ویل میں اتوار کو تارکینِ وطن کی پناہ گاہ کے باہر ایک بس اسٹاپ پرکھڑے مسافروں پر ایک ایس یو وی کے چڑھ جانے سے سے کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے ہیں۔ جائے وقوعہ پر موجود افراد نے ملزم کو پکڑ کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ ابتدا میں جائے حادثہ پر ہلاک ہونے والوں کی تعداد سات بتائی گئی تھی تاہم نشریاتی ادارے ‘سی این این’کے مطابق براؤنس ویل پولیس کے تفتیش کار مارٹن سینڈوول نے نیوز نیٹ ورک کو بتایا کہ اسپتال میں ایک اور شخص زخموں کی تاب نہ لاکر ہلاک ہوگیا جس کے بعد نیٹ ورک کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے جبکہ کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ بشپ اینریک سان پیڈرو اوزانم سینٹر کے شیلٹر ڈائریکٹر وکٹر مالڈوناڈو نے کہا کہ انہوں نے حادثے کے بارے میں ایک کال موصول ہونے کے بعد اتوار کی صبح شیلٹر کی نگرانی کرنے والے کیمرے کی ویڈیو کا جائزہ لیا ہے۔ مالڈوناڈو نے کہا کہ ہم ویڈیو میں جو کچھ دیکھ رہے ہیں وہ یہ ہیکہ ایک ایس یو وی رینج روور صرف 100 فٹ کے فاصلے پرسگنل کو توڑتی ہوئی بس اسٹاپ پر لوگوں کے درمیان سے گزرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس یو وی فٹ پاتھ پر چڑھنے کے بعد الٹ گئی اور تقریباً 200 فٹ (تقریباً 60 میٹر) تک چلتی رہی۔ مالڈوناڈو نے کہا کہ بس اسٹاپ پر بیٹھے گروپ سے تقریباً 30 فٹ کے فاصلے پر فٹ پاتھ پر چلنے والے کچھ لوگ بھی مارے گئے۔