۔6 ماہ میں مینوفیکچرنگ کا آغاز، 12000 افراد کو روزگار کی فراہمی: کے ٹی آر
حیدرآباد۔کاکتیہ میگا ٹیکسٹائل پارک ورنگل میں بہت جلد میڈ اِن تلنگانہ پارچہ جات کی تیاری اور دنیا بھر کی مارکٹ میں فروخت کا آغاز ہوگا۔ کوریا کی کمپنی یونگ گون کارپوریشن نے ٹیکسٹائل پارک میں فیکٹریوں کی تعمیر کا کام تقریباً مکمل کرلیا ہے اور آئندہ چھ ماہ میں فیکٹریاں کارکرد ہوجائیں گی۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ کوریا کی مشہور کمپنی یونگ گون کارپوریشن نے ٹیکسٹائل انڈسٹریز میں ورنگل میں مینوفیکچرنگ کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے جو ہندوستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری میں نیا قدم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن ورنگل میں اپنی فیکٹریز قائم کررہا ہے جس کے نتیجہ میں کوریا کی مزید کمپنیاں ورنگل میں سرمایہ کاری کرسکتی ہیں۔ کے ٹی راما راؤ نے کورین کمپنی کے سربراہ کی ہیک سونگ کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیا۔ انہوں نے کورین کمپنی کے سربراہ کو تلنگانہ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ فیکٹریوں میں تقریباً 12000 افراد کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے محکمہ دیہی ترقی کو ہدایت دی کہ روزگار میں مقامی افراد کو ترجیح دیں۔ کورین کمپنی کے سربراہ نے بتایا کہ ان کی کمپنی ٹیکسٹائل پارک میں سرمایہ کاری کا منصوبہ تیار کرچکی ہے۔ 5 فیکٹریوں کے تعمیری کام چھ ماہ میں مکمل ہوجائیں گے۔ ان کے علاوہ 3 مزید فیکٹریاں دوسرے مرحلہ میں قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19 اور معاشی بحران کے نتیجہ میں عالمی مارکٹ کو مسائل کا سامنا ہے جس کے نتیجہ میں فیکٹریز کی تعمیر میں تاخیر ہوئی ہے۔ ہندوستان کی مشہور کنسٹرکشن کمپنیوں کے ذریعہ یہ کام جاری ہے۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کے تعاون کی ستائش کی۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے ذریعہ ورنگل کے مقامی نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی تاکہ انہیں فیکٹریوں میں روزگار حاصل ہو۔ خواتین کو روزگار کی فراہمی میں ترجیح رہے گی۔