نئی دہلی، 23 جولائی (یو این آئی) آر ایس ایس کے سر سنگھ چالک موہن بھاگوت نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی انسان کی فطرت کو خشک بناتی ہے اور محنت کے وقار پر بھی سوالیہ نشان لگا دیتی ہے ۔بدھ کو یہاں بھارتیہ مزدور سنگھ (بی ایم ایس) کے 70 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھاگوت نے کہا کہ مزدوروں کا دکھ سماج کا دکھ ہے اور اس بات پر غور کیا جانا چاہئے کہ ٹکنالوجی محنت کشوں کی زندگیوں کو متاثر نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ جب مزدور تنظیم چھوٹی تھی تو یہ صرف چند لوگوں کے تصورات تک محدود تھی۔ اس لیے کسی کے ذہن میں مقابلے کا جذبہ نہیں تھا۔ مزدوروں کے دکھ مٹانے نکلے لوگ اگر کنبے کی بات کریں گے تو کیسے ٹکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ‘عوام کی قربانیوں، محنت اور جدوجہد کے بعد آج 70 سال بعد ہم دنیا کی سب سے اہم اور ملک کی پہلی مزدور تنظیم بنے ہیں، اگر ہم آگے کام کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں تھوڑا پیچھے مڑ کر دیکھنا پڑے گا’۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کا وقار بڑھے تو تنظیم کامیاب ہوتی ہے ۔ کارکنوں کی عزت میں اضافہ ہوتا ہے ۔ مزدور سنگھ صرف جھنڈا بلند کرنے کے لیے نہیں بنایا گیا تھا، بلکہ مزدوروں کے لیے کام کرنے کے لیے بنایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتیہ مزدور سنگھ کا سفر 23 جولائی 1955 کو بھوپال سے شروع ہوا۔ آج یہ اپنے قیام کا 70 واں سال منا رہا ہے ۔ بھارتیہ مزدور سنگھ نے اپنا کردار صرف یہیں تک محدود نہیں رکھا۔ اس کے بجائے ، معاشرے اور دنیا کی فلاح و بہبود کے لیے جامع اقدامات جیسے ماحول، سماجی ہم آہنگی اور سودیشی بھی اس کے اہم مقاصد میں سے ایک ہیں۔