ٹیکہ نہ لگوانے پر سعودی عرب میں تحدیدات

   

ریاض : سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے اعلان کے مطابق مملکت میں مقیم جن غیر ملکیوں اور سعودی شہریوں نے اب تک ویکسین نہیں لگوائی یکم اگست 2021 سے انہیں سرکاری جگہوں میں داخلے، تقریبات میں شرکت اور پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اس بات سے قطع نظر کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین نہ لگوانے والے کسی سرکاری یا نجی ادارے میں ملازمت کر رہے ہیں یا وہ کسی کام کی غرض سے وہاں داخلے کے خواہش مند ہیں، اگر انہوں نے ویکسی نیشن نہیں کروائی تو ایسے افراد کو سرکاری یا نجی جگہوں میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔وزارت کے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے ’’کہ تمام معاشی،کمرشل، ثقافتی، سیاحتی، تعلیمی، تفریحی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں صرف ایسے افراد کو شمولیت کی اجازت ہو گی جنہوں نے کوئی بھی منظور شدہ ویکسین لگوا رکھی ہو۔‘‘ سعودی عرب میں ماڈرنا، فائزر اور آکسفورڈ آسٹرا زینیکا کو کورونا وائرس کے خلاف منظور شدہ ویکسینز کا درجہ حاصل ہے۔گذشتہ ہفتے سعودی حکومت نے ویکسین نہ لگوانے والے افراد کا شاپنگ مالز اور ریستوران جیسی عوامی جگہوں میں یکم اگست سے داخلہ بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔یکم اگست کے بعد سے ریستوران، کیفے، باربر اور بیوٹی سیلون، شادی اور پارٹی ہالز میں داخلے کے لئے ویکسین لگوانے کا ثبوت دکھانا لازم ہوگا۔اس کے علاوہ 9 اگست سے سعودی عرب سے باہر سفر کرنے والے شہریوں کو کورونا ویکسین کے دو خوراکیں لگوانا لازمی ہوں گے۔سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں کورونا سے بچاؤ کی اب تک 2 کروڑ 40 لاکھ ویکسین خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔اس کے علاوہ ملک بھر میں 587 ویکسی نیشن مراکز قائم کئے گئے ہیں تاکہ شہری اور غیر ملکی تارکین وطن آسانی سے ویکسین لگوا سکیں۔