کانگریس اور بی جے پی کی حکمرانی میں 105 مرتبہ دستور میں ترمیمات کی گئی ، ٹی آر ایس قائدین کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ٹی آر ایس قائدین نے خود کو امبیڈکر کے وارث اور بی جے پی قائدین کو گوڈسے کے وارث قرار دیا ۔ چیف منسٹر کے الفاظ کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا بی جے پی کے قائدین پر الزام عائد کیا ۔ آج ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی آفس اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری اور ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی بی سمن نے کہا کہ دستور کو تسلیم نہ کرنے والی بی جے پی کے قائدین آج امبیڈکر سے اظہار یگانگت کے لیے مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں ۔ ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل کڈیم سری ہری نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس نے اپنی ضرورتوں اور مفادات کی تکمیل کے لیے کئی مرتبہ دستور میں ترمیمات کی ہیں ۔ اگر چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے ملک کے لیے نئے دستور کی ضرورت ہونے کا دعویٰ کرنے پر اس میں برائی کیا ہے ۔ ملک میں غریب مزید غریب اور امیر مزید امیر بن رہے ہیں ۔ ایس سی ٹی ، ایس سی طبقات کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے ریاستی حکومتوں کی جانب سے جتنا بجٹ مختص کیا جارہا ہے اتنے فنڈز مرکزی حکومت بھی مختص نہیں کررہی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے دلت بندھو اسکیم کا اعلان کیا ۔ جس پر بی جے پی خوفزدہ ہے ۔ ہمت ہے تو مرکزی حکومت اس اسکیم کی تقلید کریں ۔ ایس سی ، ایس ٹی تحفظات میں توسیع دینے سے انکار کرتے ہوئے بی جے پی دلتوں کے مفادات کی خلاف ورزی کررہی ہے ۔ امبیڈکر ہمارے گارڈ فادر ہے جب کہ بی جے پی کے قائدین گوڈسے کے وارث ہیں ۔ امبیڈکر کا نام لینے کا بھی بی جے پی کو اخلاقی حق نہیں ہے ۔ رکن اسمبلی بی سمن نے کہا کہ مرکزی بجٹ میں تلنگانہ سے انصاف نہیں کیا گیا ۔ دستور میں ریاستوں کے لیے جو حقوق فراہم کئے گئے ہیں ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے اس کی خلاف ورزی کرنے پر چیف منسٹر نے دستور میں ترمیم کرنے کا مطالبہ کیا ہے لیکن بی جے پی قائدین کی جانب سے چیف منسٹر کے نظریہ اور الفاظ کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کے دور حکمرانی میں 105 مرتبہ دستور میں ترمیمات کی گئی ہیں ۔۔ ن