ٹی آر ایس اور بائیں بازو کے کئی قائدین کی کانگریس میں شمولیت

   


ریونت ریڈی نے استقبال کیا، منوگوڑ میں پارٹی موقف مستحکم ہونے کا دعویٰ
حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس سیاسی فائدہ کیلئے سماج میں نفرت کا زہر پھیلارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کوئی نہ کوئی تنازعہ پیدا کرتے ہوئے عوام کو تقسیم کرنے کی سازش ہے۔ ریونت ریڈی آج منگوڑ سے تعلق رکھنے والے ٹی آر ایس ، سی پی آئی اور سی پی ایم قائدین کی کانگریس میں شمولیت کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ تینوں پارٹیوں کے 300 سے زائد قائدین اور کارکنوں نے ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ منوگوڑ اور ابراہیم پٹنم منڈلوں سے تعلق رکھنے والے قائدین نے کانگریس امیدوار کی کامیابی کیلئے جدوجہد کرنے کا عہد کیا۔ ریونت ریڈی نے قائدین اور کارکنوں کو کانگریس کا کھنڈوا پہنایا۔ شمولیت اختیار کرنے والوں میں کئی سرپنچ اور ایم پی ٹی سی ارکان شامل ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ منوگوڑ میں کانگریس پارٹی کے حق میں مہم عروج پر ہے۔ سابق رکن اسمبلی مال ریڈی رنگاریڈی کی قیادت میں مختلف جماعتوں کے قائدین کانگریس میں شامل ہوئے۔ مال ریڈی رنگاریڈی نے کہا کہ منوگوڑ میں انتخابی مہم عروج پر ہے اور بی جے پی کے خلاف عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ کانگریس سے استعفی دے کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے پر راجگوپال ریڈی کے خلاف عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ ریونت ریڈی نے 17 ستمبر کو ٹی آر ایس اور بی جے پی کی جانب سے بڑے پیمانے پر تقاریب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے کی مسابقت میں تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ بی جے پی مذہبی بنیادوں پر عوام کو تقسیم کرنا چاہتی ہے جبکہ ٹی آر ایس نے بی جے پی کے خوف کے تحت تقاریب کا اہتمام کیا ہے۔ر