ٹی آر ایس اور بی جے پی ایک ہی سکہ کے دو رخ

   

فرقہ پرستی کے خاتمہ کے لیے کانگریس کو کامیاب بنانے کی اپیل ، انجن کمار یادو کا خطاب
حیدرآباد ۔ 27 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : صدر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی و امیدوار حلقہ سکندرآباد انجن کمار یادو نے ٹی آر ایس اور بی جے پی کو ایک ہی سکے کے دو رخ قرار دیتے ہوئے فرقہ پرستی کے خاتمہ کے لیے کانگریس کو کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی ۔ آج اسمبلی حلقہ صنعت نگر میں منعقدہ پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ سابق رکن اسمبلی ایم ششی دھر ریڈی نے جلسہ کی صدارت کی ۔ اجلاس میں صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس انیل کمار یادو سابق کارپوریٹر ایوب خاں صدر اے بلاک کانگریس کمیٹی شیخ غوث صدر بی بلاک کانگریس کمیٹی ستیہ نارائن کے علاوہ کانگریس کے دوسرے قائدین موجود تھے ۔ ایم انجن کمار یادو نے کہا کہ کونسل انتخابات کے نتائج سے اندازہ ہوگیا ہے کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے اور یہی نتائج 11 اپریل کو ہونے والے انتخابات میں برآمد ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی میں خفیہ معاہدہ ہوگیا ہے ۔ دونوں جماعتیں علحدہ علحدہ مقابلہ کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ 5 سال تک ٹی آر ایس کے ہاتھ میں 16 ارکان پارلیمنٹ ہونے کے باوجود چیف منسٹر مرکز پر دباؤ ڈالنے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے اور تقسیم آندھرا پردیش بل میں تلنگانہ سے جو وعدے کئے گئے ہیں اس کو حاصل کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں ۔ ایسی ٹی آر ایس کو دوبارہ آزمانا اپنے پیرو پر خود کلہاڑی مارنے کے مترادف ہوگا ۔

وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں انہیں کامیاب بناتے ہوئے راہول گاندھی کو نئی طاقت عطا کرے ۔ سابق ریاستی وزیر ایم ششی دھر ریڈی نے کہا کہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے اس مرتبہ بی جے پی کا صفایا ہوجائے گا اور اس کی دم چھلہ جماعت ٹی آر ایس کا ہمیشہ کی طرح کھاتہ نہیں کھلے گا ۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں اصل مقابلہ راہول گاندھی اور نریندر مودی کے درمیان ہوگا ۔ پارلیمانی انتخابات میں ٹی آر ایس کو ووٹ دینا بی جے پی کو مضبوط کرنے کے مترادف ہوگا ۔ ٹی آر ایس نے وعدے کو نہیں نبھایا اور نہ ہی بی جے پی نے وعدوں کو نبھایا ہے ۔ دونوں جماعتوں نے جھوٹے وعدے کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ دونوں جماعتوں کو مشترکہ طور پر سزا دی جائے ۔ کانگریس کے امیدوار انجن کمار یادو کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے مرکز میں راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانے کی راہ ہموار کی جائے ۔ بی جے پی کے دور میں فرقہ پرستی بڑھ گئی ہے اور ٹی آر ایس کے دور حکومت میں بدعنوانیاں بڑھ گئی ہیں دونوں جماعتوں کی متبادل صرف کانگریس ہے ۔ کانگریس کی کامیابی سے ترقی ہوگی اور خوشحالی آئے گی ۔۔