ٹی آر ایس اور بی جے پی میں خفیہ معاہدہ

   

سکندرآباد پارلیمانی حلقہ کے کانگریس امیدوار انجن کمار یادو کا عنبر پیٹ میں دورہ ، عوام سے خطاب
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے امیدوار حلقہ لوک سبھا سکندرآباد نے انجن کمار یادو آج اسمبلی حلقہ عنبر پیٹ کے مختلف علاقوں میں پدیاترا کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی جس طرح عنبر پیٹ سے بی جے پی امیدوار کو شکست دی گئی ۔ اس طرح سکندرآباد حلقہ لوک سبھا سے بی جے پی اور اس کی بی ٹیم ٹی آر ایس کو شکست دیتے ہوئے انہیں اور کانگریس کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ پٹیل نگر میں منعقدہ پدیاترا پروگرام میں اے آئی سی سی کے رکن و کمشنر آل انڈیا یوتھ الیکشن پیر ارشاد احمد ناصر بلاک پریسیڈنٹ محمد غوث ، کانگریس کے قائدین آنند گوڑ ، حسام الدین ، کریم ، علیم ، شہباز ، سرینواس ریڈی کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ حلقہ عنبر پیٹ کے عوام نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے رکن اسمبلی کو شکست دیتے ہوئے مقامی سطح پر فرقہ پرستی کا خاتمہ کرنے میں اہم قدم اٹھایا ہے لیکن بی جے پی کی قیادت نے اسی شکست خوردہ قائد کو دوبارہ سکندرآباد حلقہ لوک سبھا سے بی جے پی کا امیدوار بنایا ہے۔ اب اسمبلی حلقہ عنبر پیٹ کے عوام کی ذمہ داری دوگنا ہوگئی کہ وہ دوبارہ بی جے پی کو شکست دیتے ہوئے کانگریس کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کریں ۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی میں خفیہ معاہدہ ہوگیا ہے ۔ دراصل ٹی آر ایس بی جے پی کی بی ٹیم ہے لہذا دونوں جماعتوں کو شکست دینے کے لیے ایک ووٹ ان کے اور کانگریس کے حق میں استعمال کرتے ہوئے سیکولرازم کو مضبوط بنائیے ۔ کانگریس کے امیدوار نے کہا کہ مرکز اور تلنگانہ میں بی جے پی اور ٹی آر ایس کی حکومتیں تشکیل پانے کے بعد جمہوریت پامال ہوگئی ۔ اظہار خیال پر پابندی عائد کردی گئی ۔ طلاق ثلاثہ کے نام پر اسلامی شریعت میں مداخلت کرنے کی کوشش کی گئی۔ گاؤ کشی کے نام پر 100 سے زیادہ مسلمانوں کو ہلاک کیا گیا ۔ سارے ملک میں غیر جمہوری اور غیر دستوری اور غیر قانونی کام کیے جارہے ہیں ۔ تلنگانہ میں کے سی آر بازاروں میں جانور کو جس طرح خریدتے ہیں اس طرح کانگریس کے ارکان اسمبلی کو خریدتے ہوئے یہ تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ کانگریس کمزور ہوچکی ہے ۔ کانگریس صدی کی تاریخ رکھنے والی جماعت ہے ۔ جس نے ملک کو آزادی دلائی اور علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی ہے۔ پہاڑ کے سامنے جس طرح ذرہ ہوتا ہے ۔ کانگریس کے سامنے کے سی آر ذرہ کے برابر ہے ۔ انجن کمار یادو نے کانگریس کو کامیاب بناکر جمہوریت کو کامیاب بنانے اور سیکولرازم کو فروغ دینے کی عوام سے اپیل کی ۔۔