ٹی آر ایس اور کے سی آر جیسی قیادت کی ملک بھر میں کوئی نظیر نہیں ملتی

,

   

تلنگانہ حکومت کے مثالی اقدامات کو پورا ملک قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، جناب محمد محمود علی کی انتخابی مہم

حیدرآباد ۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی جیسی سیاسی پارٹی اور کے سی آر جیسی قیادت کی ملک بھر میں کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد محمود علی وزیر داخلہ تلنگانہ نے کیا ۔ انہوں نے آج یہاں جامباغ ڈیویژن کے انتخابی جلسہ کو مخاطب کیا ۔ جناب محمود علی نے پیدل دورہ کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی اور درگاہ یوسفینؒ کے قریب جلسہ کو مخاطب کیا ۔ اس موقع پر انچارج جامباغ ڈیویژن جناب طارق انصاری اسٹیٹ سکریٹری ٹی آرایس موجود تھے ۔ جناب محمود علی نے کہا کہ کے سی آر حکومت کے مثالی اقدامات کو پورا ملک قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور شہر کے پرامن ماحول کے سبب سرمایہ دار راغب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی عوام کسی بھی صورت میں فرقہ پرستوں کو برداشت نہیں کرے گی ۔ انہوں نے جامباغ ڈیویژن کے ٹی آر ایس امیدوار آنند گوڑ کے حق میں مہم چلاتے ہوئے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ اس موقع پرجناب طارق انصاری نے عوام الناس سے درخواست کی کہ وہ کے سی آر حکومت کی فلاحی اسکیمات کو دیکھتے ہوئے اپنے ضمیر کی آواز پر ووٹ کا استعمال کریں ۔ چونکہ آج تلنگانہ کے ہر گھر میں حکومت کی فلاحی اسکیمات سے استفادہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے شادی مباک اسکیم کے علاوہ اوورسیز اسکالر شپ اور دیگر اسکیمات کا تذکرہ کیا اور اپنے ووٹوں کو تقسیم ہونے سے بچاتے ہوئے ٹی آر ایس کو مضبوط موقف دینے کی اپیل کی ۔ اس موقع پر ٹی آر ایس قائدین جہانگیر پاشاہ ، نرنجن ولی و دیگر موجود تھے ۔ جامباغ کے ٹی آر ایس پارٹی امیدوار آنند گوڑ نے درگاہ یوسفینؒ میں عقیدت و احترام کے ساتھ حاضری دی اور اپنی کامیابی کیلئے دعائیں مانگیں ۔ اس موقع پر ٹی آر ایس کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔