ٹی آر ایس حکومت میں شعبہ تعلیمات تباہی کا شکار

   

Ferty9 Clinic

اسکول فیس کے لیے حد مقرر کرنے حکومت سے ڈاکٹر لکشمن کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : بی جے پی تلنگانہ اسٹیٹ یونٹ صدر ڈاکٹر لکشمن نے آج کہا کہ عوام بدعنوان اور خاندانی سیاست کو مسترد کررہے ہیں اور تلنگانہ میں بھی اسے دہرایا جارہا ہے ۔ وہ ایک میٹنگ سے مخاطب کررہے تھے جس میں تلگو دیشم اور کانگریس کے قائدین اور کارکنوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ۔ ڈاکٹر لکشمن نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس تعلیمی نظام کو تباہ و برباد کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں تعلیمی نظام ٹی آر ایس کی غلط حکمرانی کے باعث بد نظمی کا شکار ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ٹیچرس اور لکچررس کی مخلوعہ جائیدادوں کو پر نہ کرتے ہوئے تعلیم کے شعبہ کی اہمیت گھٹا دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی عثمانیہ یونیورسٹی میں بھی فیکلٹیز کی کمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تلنگانہ کا قیام عمل میں آیا تو حکومت نے یہ تیقن دیا تھا کہ چیف منسٹر کے بچوں اور ڈرائیورس کے بچوں کو ایک جیسے مواقع حاصل ہوں گے اور انہیں ایک ہی طرح کی تعلیم حاصل ہوگی لیکن ایسا نہیں ہوا ہے ۔ اس کے برعکس خانگی اسکولس من مانی کررہے ہیں اور وہ عام آدمی کی دسترس سے باہر ہیں جب کہ مناسب گورنمنٹ اسکولس نہیں ہیں ۔ خانگی شعبہ کے اسکولس کی جانب سے بے تحاشہ فیس چارج کی جارہی ہے ۔ حالانکہ حکومت نے اس کی حد مقرر کرنے کا وعدہ کیا ہے لیکن اسے پورا نہیں کیا گیا ۔ جس کی وجہ خانگی اسکولس ہنوز اپنی من مانی کرتے ہوئے بے تحاشہ فیس وصول کررہے ہیں ۔۔