ووٹ فرقہ پرستوں کو جواب دینے کا بہترین موقع : ٹی سرینواس یادو
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر افزائش مویشیاں و سمکیات ٹی سرینواس یادو نے شہریان حیدرآباد سے درخواست کی کہ وہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں ٹی آر ایس کو ووٹ دیں اور فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دے کر حیدرآباد کو مثالی بنائیں ۔ ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ حیدرآباد گنگا جمنی تہذیب کا سارے ملک میں ایک مثالی نمونہ ہے اور چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں ریاست تلنگانہ نے کافی ترقی کی ہے ۔ انہوں نے بی جے پی اور کانگریس کے بہکاوے میں نہ آنے کی عوام سے اپیل کی ۔ وزیر نے مزید کہا کہ ٹی ار ایس حکومت نے حیدرآباد کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بے شمار اقدامات کئے ۔ میٹرو ریل کا آغاز کیا عبوری پلوں کا نیٹ ورک پھیلایا ۔ اس عظیم شہر کو آئی ٹی مرکز میں تبدیل کردیا ۔ آمیزان ، ایپل جیسی ملٹی نیشنل کمپنیوں نے حیدرآباد کا رخ کیا ۔ حیدرآباد ہندو مسلم اتحاد کا گہوارہ ہے ۔ یہاں تمام مذاہب کے ماننے والے مل جھل کر رہتے ہیں ۔ جس کے باعث یہاں کا امن و امان مثالی ہے لیکن چند طاقتیں اس پر بری نظر رکھتے ہیں ۔ اب حیدرآبادیوں کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ بری نظر والوں کا منہ توڑ جواب دیں ۔ یکم دسمبر کو ملنے والے موقعے سے فائدہ اٹھا کر فرقہ پرستوں کو شرمناک شکست دیں ۔ سرینواس یادو نے بیالٹ پیپر پر بڑی احتیاط سے نشان لگانے کا بھی رائے دہندوں کو مشورہ دیا تاکہ ووٹ ضائع نہ ہو کیوں کہ ووٹ ایک امانت ہے جو آپ کے شہر کو فرقہ پرستوں سے بچا سکتا ہے ۔۔