ٹی آر ایس رکن اسمبلی دھرما ریڈی کو معطل کرنے پسماندہ طبقات تنظیموں کا مطالبہ

   


پریس کلب میں راؤنڈ ٹیبل کانفرنس، مدھو یاشکی اور ہنمنت راؤ کا خطاب
حیدرآباد: کمزور طبقات اور اقلیتوں کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں کا اجلاس پریس کلب سوماجی گوڑہ میں منعقد ہوا۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے راونڈ ٹیبل کانفرنس کا اہتمام کیا تھا جس میں ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی دھرما ریڈی کی جانب سے پسماندہ طبقات کے خلاف کئے گئے ریمارکس کی مذمت کی گئی۔ اجلاس نے ٹی آر ایس حکومت کو انتباہ دیا کہ اگر دھرما ریڈی کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی تو ریاستی سطح پر احتجاج منظم کیا جائے گا ۔ دھرما ریڈی نے حال ہی میں کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں کی قابلیت پر سوال اٹھائے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اہم عہدوں پر فائز ہونے والے پسماندہ طبقات کے عہدیدار کارکردگی میں نااہل ہوتے ہیں۔ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور دیگر طبقات نے دھرما ریڈی سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا۔ ٹی آر ایس رکن اسمبلی کی معذرت خواہی کے باوجود کمزور طبقات کی تنظیمیں انہیں اسمبلی کی رکنیت سے معطل کرنے کی مانگ کر رہی ہیں۔ راؤنڈ ٹیبل کانفرنس میں شریک قائدین نے کہا کہ دھرما ریڈی نے کمزور طبقات کی عزت نفس کو مجروح کیا ہے۔ لہذا چیف منسٹر کو ان کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے ۔ اے آئی سی سی سکریٹری مدھو یاشکی گوڑ ، سابق ایم پی ملو روی ، سابق رکن اسمبلی کے سری سیلم گوڑ ، سابق ایم ایل سی راملو نائک ، بی سی سنگم کے صدر سرینواس گوڑ ، یادو مہا سبھا کے جنرل سکریٹری آر لکشمن یادو کے علاوہ ایس سی ، ایس ٹی اور اقلیتی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ دھرما ریڈی کے بیان کو کمزور طبقات کی توہین تصور کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کو رکن اسمبلی کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے پارٹی سے معطل کرنا چاہئے ۔ کانگریس اور دیگر تنظیمیں اپنا احتجاج جاری رکھیں گی۔