ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کا آج اہم اجلاس

   

چیف منسٹر کے سی آر کی پارٹی قائدین کو اہم ہدایات متوقع
حیدرآباد۔ چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ نے 18 نومبر کو دوپہر 2 بجے تلنگانہ بھون میں ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں تمام ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ، ارکان راجیہ سبھا، ارکان قانون ساز کونسل کو شریک ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ وزراء کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل سے رابطہ اور تال میل پیدا کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت کو یقینی بنائیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کے پیش نظر اس اجلاس کو اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر پارٹی کے قائدین کو انتخابی مہم چلانے کے معاملہ میں اہم مشورے دیں گے۔ پارٹی نے گریٹر حیدرآباد کے تمام اسمبلی حلقوں کیلئے جہاں وزراء کو انچارج بنایا ہے وہیں ان کے معاون کیلئے ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی ، ارکان قانون ساز کونسل کو مختلف ڈیویژنس کی ذمہ داری ہے۔ ان سب کو حالات سے واقف کراتے ہوئے اپوزیشن کا منہ توڑ جواب دینے کے مشورے بھی دیں گے۔ ٹی آر ایس کے وزیر نے بھاری اکثریت سے پارٹی کی کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔