ٹی آر ایس ڈرنے گھبرانے والی نہیں : سرینواس یادو

   

27 نومبر کو حیدرآباد ٹی آر ایس کا جنرل باڈی اجلاس ، مستقبل کی حکمت عملی پر غور

حیدرآباد ۔ 22 ۔ نومبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو نے وزیر لیبر ملا ریڈی کے دفاتر اور قیام گاہوں پر انکم ٹیکس دھاؤں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی ان انتقامی کارروائیوں سے ہم ڈرنے گھبرانے والے نہیں ہے ۔ 27 نومبر کو ٹی آر ایس پارٹی کا جنرل باڈی اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں 15 اسمبلی حلقوں کے عوامی منتخب نمائندے اور دوسرے قائدین شرکت کریں گے ۔ اجلاس میں مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ شہر کے ارکان اسمبلی اور وزراء کا آج تلنگانہ بھون میں ایک اجلاس طلب کیا گیا جس میں ریاستی وزیر داحلہ محمد محمود علی کے علاوہ شہر کی نمائندگی کرنے والے ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی و دوسرے قائدین نے شرکت کی ۔ وزراء اور ٹی آر ایس کے عوامی منتخب نمائندوں پر مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کے دھاؤں کا اجلاس میں جائزہ لیا گیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ ٹی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کرنے کی سازش ناکام ہونے کے بعد بی جے پی سیاسی انتقام پر اتر آئی ہے جس سے ٹی آر ایس ڈرنے اور گھبرانے والی نہیں ہے بلکہ تحقیقاتی ایجنسیوں سے مکمل تعاون کرے گی ۔ سرینواس یادو نے کہا کہ آج بی جے پی مرکزی حکومت میں ہے، کل ہم بھی مرکزی حکومت کا حصہ ہوسکتے ہیں۔ آج جن مسائل سے اپوزیشن جماعتیں دوچار ہیں ، کل یہ وقت بی جے پی کیلئے بھی آسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں ایسا دور کبھی دیکھنے کو نہیں ملا ہے ۔ ٹی آر ایس کو ٹارگیٹ کرتے ہوئے بی جے پی مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کا بیجا استعمال کر رہی ہے ۔ عوام سب کچھ دیکھ رہے ہیں۔ن