ٹی آر ایس کا ریاست بھر میں احتجاج مودی اور امیت شاہ کے علامتی پتلے نذر آتش

   


وزراء نے عوامی تائید اقتدار حاصل کرنے والی ٹی آر ایس کے خلاف سازش رچنے کا بی جے پی پر الزام عائد کیا
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : ٹی آر ایس نے پارٹی کے چار ارکان اسمبلی کو بی جے پی کی جانب سے خریدنے کی کوششوں کے خلاف ریاست بھر میں احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے علامتی پتلے نذر آتش کیے اور بی جے پی ڈاؤن ڈاؤن کے نعرے لگائے ۔ ریاست کے مختلف مقامات پر ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان قانون ساز کونسل اضلاع صدور کے علاوہ پارٹی کے دوسرے قائدین نے احتجاج میں حصہ لیا ۔ اسمبلی حلقہ منوگوڑ میں ٹی آر ایس کی انتخابی مہم چلانے والے وزراء اور ارکان اسمبلی نے بھی مختلف منڈلس کے احتجاج میں حصہ لیا اور کہا کہ کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کی طرح ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی بی جے پی کو فروخت نہیں ہوئے بلکہ بی جے پی کی سازش کا پردہ فاش کرتے ہوئے تلنگانہ کے اصلی ہیرو ہونے کا ثبوت پیش کیا ہے ۔ وزیر ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ بی جے پی عوامی تائید سے اقتدار حاصل کرنے کے بجائے جمہوری انداز میں منتخب ہونے والی حکومتوں کو اقتدار سے محروم کرتے ہوئے چور دروازے سے حکومت تشکیل دے رہی ہے ۔ دولت اور کنٹراکٹ کے علاوہ عہدوں کا لالچ دیتے ہوئے ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کررہی ہے ۔ مگر ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی نے بی جے پی کی ہر تدبیر کو اُلٹی کرتے ہوئے ان کا اصلی چہرہ عوام کے سامنے پیش کردیا ہے ۔ ریاست کے تمام اضلاع میں اسمبلی ہیڈ کوارٹر سطح پر ٹی آر ایس کے قائدین و کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے مودی اور امیت شاہ کے پتلے نذر آتش کیے ۔ وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی نے بی جے پی کو سخت تنقیدوں کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اپنے ناپاک عزائم کے لیے پجاریوں کو استعمال کرتے ہوئے ان کے عزت و احترام کو گھٹا رہی ہے ۔ انہوں نے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کو خرید لیا گیا ہے ۔ جس کی وجہ سے ضمنی انتخابات منعقد ہورہے ہیں ۔ مگر وہ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کو خریدنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ اندرا کرن ریڈی نے دھوکہ باز بی جے پی کو ضمنی انتخابات میں شکست دینے کی عوام سے اپیل کی ہے ۔ بی جے پی پر ہندو مسلم کی سیاست کرتے ہوئے امن و امان کو نقصان پہونچانے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا ۔ وزیر عمارت و شوارع وی پرشانت ریڈی نے کہا کہ مودی کو وزیراعظم کے عہدے سے محروم کرنے کی چیف منسٹر کے سی آر طاقت رکھتے ہیں اس لیے بی جے پی قیادت نے ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی ہے جس میں وہ ناکام ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی سازشیں تلنگانہ میں کامیاب نہیں ہوں گی کیوں کہ ٹی آر ایس اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتی ہیں ۔ کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی 18 ہزار کروڑ روپئے کے کنٹراکٹ کو فروخت ہوگئے ہیں ۔ مگر ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی اس طرح کی پیشکش کو ٹھوکر مار چکے ہیں ۔ وزیر اکسائز سرینواس گوڑ نے کہا کہ اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے ضمنی انتخاب میں شکست ہوجانے کا بی جے پی کو اندازہ ہوگیا ہے ۔ اس لیے وہ ٹی آر ایس حکومت کو زوال پذیر کرنے کے لیے ہر ایک ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی کو 100 کروڑ روپئے ، کنٹراکٹ اور عہدوں کا لالچ دے رہی ہے ۔ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی آفرس کو ٹھکرا کر حقیقی تلنگانہ سپوت ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔۔ ن