ٹی آر ایس کو بی آر ایس میں تبدیل کرنے پر ٹوئیٹر پر عوامی ردعمل

   


حیدرآباد۔5۔اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی کو بھارت راشٹر سمیتی میں تبدیل کرنے کے فیصلہ کے ساتھ ہی ٹوئیٹر پر مختلف تبصرے کئے جانے لگے ہیں اور بھارت راشٹر سمیتی کے قیام کے اعلان کے ساتھ ہی #BRS #TRS #KCR ٹوئیٹر پر ٹرینڈ ہونے لگے ہیں اور مختلف گوشوں سے سربراہ ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ کو مبارکباد دینے کے علاوہ نیک تمناؤں کا اظہار کیا جانے لگا ہے۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے بھارت راشٹرسمیتی میں تبدیل کئے جانے پر جو ردعمل سامنے آرہے ہیں ان میںکے سی آر سے کئی توقعات کا اظہارکیا جانے لگا ہے اور کہا جار ہاہے کہ ملک میں قومی سطح پر نئے سیاسی متبادل کی ضرورت محسوس ہورہی تھی اور اس خلاء کو کے چندر شیکھر راؤ پر کرسکتے ہیں۔ ٹوئیٹر پر کئے جانے والے تبصروں میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کے اقتدا ر میں تلنگانہ میں ہونے والی ترقی کو ملک کیلئے مشعل راہ قرار دیتے ہوئے کہا جارہا ہے کہ تلنگانہ راشٹرسمیتی ملک بھر میں سیاسی نظریات میں تبدیلی کی نقیب ثابت ہوسکتی ہے۔ ٹوئیٹرپر ملک بھر سے کئے جانے والے ٹوئیٹ اور ان میں #BRS #KCR ہیاش ٹیگ کا استعمال پارٹی کے ٹوئیٹر پر مقبولیت کو ثابت کررہا ہے۔م