ٹی آر ایس کو ووٹ بی جے پی کے استحکام کا سبب: پدماوتی ریڈی

   

حلقہ لوک سبھا نلگنڈہ سے اتم کمار ریڈی کو کامیاب بنانے کی اپیل

حیدرآباد۔/7اپریل، ( سیاست نیوز) سابق رکن اسمبلی شریمتی پدماوتی ریڈی نے نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ کے اقلیتوں بالخصوص رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ کانگریس پارٹی کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں کیونکہ کانگریس وہ واحد پارٹی ہے جو اقلیتوں کے مفادات کا تحفظ کرسکتی ہے۔ پدماوتی ریڈی نے رائے دہندوں کیلئے اپیل جاری کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کو ووٹ دینا مرکز میں بی جے پی کو مستحکم کرنے کے مترادف ہے۔ ٹی آر ایس کو دیا گیا ایک ایک ووٹ مرکز میں بی جے پی کیلئے راست مددگار ثابت ہوگا اور اگر بی جے پی دوبارہ برسراقتدار آتی ہے تو ملک میں سیکولرازم، جمہوریت اور دستور کو خطرہ لاحق ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس خود کو اقلیتوں کی ہمدرد ظاہر کرنے کی کوشش کررہی ہے حالانکہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران اس نے ہر اہم موقع پر بی جے پی کی تائید کی۔ جو لوگ بھی ٹی آر ایس کی تائید کی اپیل کررہے ہیں وہ دراصل بی جے پی کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں۔ پدماوتی ریڈی نے کہا کہ بی جے پی مسلمانوں کو ہندوستان میں دوسرے درجہ کا شہری بنانا چاہتی ہے جبکہ ملک پر مسلمانوں کا اتنا ہی حق ہے جتنا کہ دیگر مذاہب کا ہے۔ کانگریس نے ہمیشہ مسلمانوں اور دیگر طبقات کو یکساں نظر سے دیکھا ہے اور ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور یکجہتی کیلئے کانگریس ہمیشہ جدوجہد کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف کانگریس پارٹی ہی تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے امیدوار حلقہ لوک سبھا نلگنڈہ اتم کمار ریڈی سیکولرازم پر اٹوٹ ایقان رکھتے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ تمام طبقات کی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے۔ پدماوتی ریڈی نے اتم کمار ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔