ڈپٹی الیکشن کمیشن سے ونود کمار کی ملاقات، اعتراضات کی سماعت کے بعد جلد فیصلہ کرنے الیکشن کمیشن کا تیقن
حیدرآباد ۔6 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو قومی سیاسی پارٹی بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) میں تبدیل کرنے الیکشن کمیشن میں درخواست داخل کی گئی ہے۔ علاقائی پارٹی کو قومی پارٹی میں تبدیل کرنے سے متعلق فیصلہ کے دوسرے ہی دن نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ اور سابق رکن پارلیمنٹ بی ونود کمار کی قیادت میں ٹی آر ایس کے وفد نے نئی دہلی میں الیکشن کمیشن کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور پارٹی جنرل باڈی اجلاس میں منظورہ قرارداد کی نقل حوالے کی۔ سابق رکن کونسل سرینواس ریڈی کے ہمراہ بی ونود کمار نے الیکشن کمیشن عہدیداروں کو پارٹی جنرل باڈی اجلاس کے فیصلہ کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ونود کمار نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اس سلسلہ میں جلد ضروری کارروائی کا تیقن دیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ قانون عوامی نمائندگان کے سیکشن 28A اور سب سیکشن 9 کے تحت الیکشن کمیشن کو نام کی تبدیلی کے بارے میں اطلاع دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وقت ضائع کئے بغیر ہی الیکشن کمیشن کو قرارداد سے واقف کرایا ہے۔ الیکشن کمیشن اس معاملہ میں اعتراضات کی سماعت کرکے قطعی فیصلہ کریگا۔ ملک میں BRS کے نام سے بعض پارٹیوں کی موجودگی کے بارے میں پوچھے جانے پر ونود کمار نے کہا کہ پارٹی کا شناختی نام BRS ہوسکتا ہے لیکن مکمل نام مختلف ہے، لہذا صرف BRS کے الاٹمنٹ پر کوئی اعتراض نہیں ہوسکتا۔ چیف منسٹر و پارٹی صدر چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں حیدرآباد میں منعقدہ جنرل باڈی میٹنگ میں قومی سیاسی پارٹی کے حق میں قرارداد منظور کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ نئی قومی پارٹی پرچم میں گلابی رنگ کو برقرار رکھے گی اور انتخابی نشان کے طور پر کار کو اختیار کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن قواعد کے مطابق BRS کے قومی پارٹی کے طور پر رجسٹریشن کیلئے 2024 لوک سبھا انتخابات میں اس کا مظاہرہ دیکھا جائے گا ۔ اس وقت تک ٹی آر ایس ریاستی پارٹی کے طور پر برقرار رہے گی۔ ونود کمار نے پارٹی کے پالیسی اور پروگرامس کے بارے میں تفصیلات بتانے سے گریز کیا اور کہا کہ پارٹی صدر کے سی آر اس سلسلہ میں اعلان کریں گے۔ جاریہ ماہ دہلی میں پروگرام منعقد کرنے کا منصوبہ ہے جہاں کے سی آر مختلف علاقائی پارٹیوں کے قائدین کی موجودگی میں قومی پارٹی کا اعلان کریں گے ۔ ونود کمار اور سرینواس ریڈی نے ڈپٹی الیکشن کمشنر دھرمیندر شرما کو قرارداد کی کاپی حوالے کی۔ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے قومی سیاسی پارٹی کے طور پر رجسٹریشن کی شرائط سے ٹی آر ایس قائدین کو واقف کرایا ۔ ر