ٹی آر ایس کی کامیابی تلنگانہ عوام کی کامیابی ثابت ہوگی

   

کانگریس کی کامیابی سے راہول جب کہ بی جے پی کی کامیابی سے مودی کو فائدہ ہوگا ، کے ٹی آر کا انتخابی مہم سے خطاب
حیدرآباد۔27مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی کی کامیابی تلنگانہ عوام کی کامیابی ثابت ہوگی جبکہ کانگریس کامیاب ہوتی ہے تو اس میں راہول گاندھی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کامیاب ہوتی ہے تو اس میں نریندر مودی کا فائدہ ہے ۔ کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے انتخابی مہم کے دوران کہا کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی کامیابی تلنگانہ عوام کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگی۔انہو ںنے بتایا کہ جب تلنگانہ راشٹر سمیتی کے پاس 2ارکان پارلیمان تھے تو تلنگانہ راشٹر سمیتی نے 2 ارکان پارلیمان کی طاقت کے ساتھ علحدہ ریاست تلنگانہ کے حصول کو یقینی بنایا تھا اور اگر تلنگانہ راشٹر سمیتی کے پاس 16ارکان پارلیمان کی تعداد ہوجائے گی تو ایسی صورت میں ٹی آر ایس مرکز سے اپنے ہر مطالبہ کو منوانے کے موقف میں رہے گی۔ کارگذار صدر ٹی آر ایس مسٹر کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے 80 ہزار کروڑ روپئے کے اخراجات کے ذریعہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر کا کام جاری ہے اور فینانس کمیشن کی جانب سے سفارش کے باوجود مرکزی حکومت نے اس پراجکٹ میں مرکزی بجٹ شامل نہیں کیا جو کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریاست تلنگانہ کے ساتھ نا انصافی کی دلیل ہے۔انہو ںنے بتایا کہ ٹی آر ایس نے جو حکمت عملی تیار کی ہے اس کے مطابق ریاست کی تمام 16نشستوں پر تلنگانہ راشٹر سمیتی کے امیدواروں کی کامیابی یقینی ہوگی کیونکہ ریاست میں حکومت کی جانب سے جو خدمات انجام دی جا رہی ہیں ان خدمات کو دیکھتے ہوئے ریاست کے عوام صدر ٹی آر ایس و چیف منسٹرتلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں اور اس بات سے مطمئن ہیں کہ ریاست تلنگانہ میں تلنگانہ عوام کی حکومت ہے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کے لئے ضروری ہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی کامیابی کو یقینی بنایا جائے اور ٹی آر ایس کے تمام امیدوار عوام کی توقعات کے مطابق خدمات انجام دینے میں کوئی کوتاہی نہیں کریں گے بلکہ تلنگانہ عوام کو گمراہ کرنے والوں کے حقیقی چہروں کو عوام کے سامنے لاتے ہوئے ریاست کی ترقی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔ کارگذار صدر ٹی آر ایس نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے تمام امیدواروں کی کامیابی تلنگانہ عوام کی کامیابی ہوگی اور تلنگانہ عوام اپنی ریاست کی ترقی کیلئے ہی اپنے حق کا استعمال کرتے ہوئے تمام امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے۔