مرکز سے یکساں دھان خریدی پالیسی کے اعلان کا مطالبہ
حیدرآباد 10 اپریل ( سیاست نیوز ) بھارتیہ کسان یونین کے قومی ترجمان راکیش ٹکیت نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے پیر کو دہلی میں دھان کی خریدی کے مسئلہ پر ہونے والے ایک روزہ احتجاج کی تائید کی ہے اور کہا کہ وہ مرکزی حکومت سے تلنگانہ سے دھان خریدی کے مطالبہ پر ہونے والے احتجاج میں حصہ لیں گے ۔ راکیش ٹکیت نے کہا کہ مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ دھان کی خریدی کیلئے سارے ملک کیلئے یکساں پالیسی اختیار کرے جیسا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا مطالبہ ہے ۔ تلنگانہ حکومت کی ریتو بندھو اسکیم کی ستائش کرتے ہوئے راکیش ٹکیت نے کہا کہ یہ ایک بہترین اسکیم ہے اور اسے سارے ملک میں نافذ کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی طرح ملک بھر کی تمام ریاستوں میں کسانوں کو 24 گھنٹے برقی سربراہی بھی عمل میں لائی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی مخالف کسان پالیسیوں کے نتیجہ میں زرعی برادری کو کئی مشکلات کا سامنا ہے ۔ مرکزی حکومت کو اچہئے کہ وہ تمام زرعی پیداوار کیلئے اقل ترین امدادی قیمت کا اعلان کرے ۔ راکیش ٹکیت نے کہا کہ وہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے کسان برادری کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کردہ اقدامات کی تائید کرتے ہیں۔ یہ یاد دہانی کرواتے ہوئے کہ کسانوں کے احتجاج کے بعد ہی مرکزی حکومت نے تین متنازعہ زرعی قوانین سے دستبرداری اختیار کی تھی انہوں نے مطالبہ کیا کہ احتجاج کے دوران شہید ہونے والے کسانوں کیلئے مرکزی حکومت فی کس پچیس لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان بھی کرے ۔