ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی این نرسمہیا چل بسے

   

چیف منسٹر کے سی آر کے بشمول وزراء اور مختلف جماعتوں کے قائدین نے صدمہ کا اظہار کیا
حیدرآباد :۔ اسمبلی حلقہ ناگرجنا ساگر کی نمائندگی کرنے والے ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی 64 سالہ این نرسمہیا چل بسے ۔ گذشتہ چند دنوں سے این نرسمہیا علیل تھے جنہوں نے آج صبح کی ابتدائی ساعتوں میں آخری سانس لی ۔ وہ سانس لینے میں تکلیف محسوس کررہے تھے ۔ انہیں فوری اپولو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران این نرسمہیا کا انتقال ہوگیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے این نرسمہیا کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ این نرسمہیا نے اپنی زندگی کی آخری سانس تک غریب عوام کی خدمات کی ان کے مسائل کو اجاگر کیا ۔ ان کا انتقال ٹی آر ایس پارٹی اور حلقہ اسمبلی ناگر جناساگر کے عوام کے لیے بہت بڑا نقصان ہے ۔ چیف منسٹر نے آنجہانی رکن اسمبلی کے ارکان خاندان سے اظہار تعزیت پیش کیا ۔ این نرسمہیا کی 30 سالہ سیاسی زندگی جدوجہد سے بھر پور رہی ہے ۔ 1987 میں منعقدہ نکریکل منڈل پریشد کے صدر کی حیثیت سے منتخب ہوئے ۔ 1999 میں پہلی مرتبہ سی پی ایم کے ٹکٹ پر اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے اس کے بعد کے انتخابات میں شکست سے دوچار ہوئے ۔ 2018 کے اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر اسمبلی حلقہ ناگرجنا ساگر سے کانگریس کے سینئیر قائد جانا ریڈی کو شکست دی ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر ، ٹی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کویتا کے علاوہ کئی وزراء اور ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کے علاوہ کانگریس و دوسرے جماعتوں کے قائدین نے ان کے انتقال پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے آنجہانی قائد کے ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کیا ۔۔