ٹی آر ایس کے سابق ایم پی بی نرسیا گوڑ بی جے پی میں شامل

   

وزیر لیبر ملاریڈی پر منوگوڑ کے سڑکوں پر سلک سمتا کی طرح ڈانس کرنے کا الزام عائد
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : ٹی آر ایس سے مستعفی ہونے والے سابق رکن پارلیمنٹ بی نرسیا گوڑ نے آج دہلی میں مرکزی وزیر بھوپندر یادو سے ملاقات کرتے ہوئے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ اس موقع پر مرکزی وزیر جی کشن ریڈی تلنگانہ بی جے پی کے قومی انچارج ترون چوگ بی جے پی کی قومی نائب صدر ڈی کے ارونا تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے بی جے پی کے رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ بی جے پی کے قومی ہیڈ کوارٹر دہلی میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں بی نرسیا گوڑ کے ساتھ کانگریس اور ٹی آر ایس کے دوسرے قائدین نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ۔ بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد سابق رکن پارلیمنٹ نے ٹی آر ایس کے قائدین کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ جمعرات سے اسمبلی حلقہ منوگوڑ میں بی جے پی کے امیدوار کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ بی جے پی کے سب کا ساتھ سب کا وکاس نعرے سے بے حد متاثر ہوئے ہیں ۔ وہ تلنگانہ کی ترقی کے لیے بی جے پی میں شامل ہورہے ہیں ۔ ٹی آر ایس پارٹی میں قائدین کی عزت و نفس خطرے میں پڑ گئی ہے ۔ پارٹی کے کسی عہدے پر نا رہنے پر چیف منسٹر سے ملاقات کرنا ممکن نہیں ہے ۔ چیف منسٹر پارٹی قائدین کو ملاقات کا کبھی وقت ہی نہیں دیتے وہ تلنگانہ میں بی جے پی کو اقتدار میں لانے میں اپنی طرف سے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ انہوں نے ریاستی وزیر لیبر ملاریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اسمبلی حلقہ منوگوڑ کی سڑکوں پر سلک سمتا کا ڈانس کرتے ہوئے عوام کو انٹرٹین کررہے ہیں ۔ بی نرسیا گوڑ نے ٹی آر ایس کے قائدین پدما راؤ گوڑ ، ای دیاکر راؤ ، کے علاوہ دوسرے قائدین کو زبان قابو میں رکھنے کا انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی منہ میں زبان رکھتے ہیں اور وہ زبان کھولتے ہیں تو ٹی آر ایس میں سیاسی بحران پیدا ہوجائے گا ۔۔ ن