ٹی آر ایس ۔ بی جے پی کارکنوں میں تکرار

   

نکلس روڈ پر کشیدگی ۔ بنڈی سنجے کے حامیوں کی کار کو نقصان
حیدرآباد: نکلس روڈ پر آج رات اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب ٹی آر ایس اور بی جے پی کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار ہوگئی۔ اس واقعہ میں بعض بی جے پی قائدین کی کاروں کو نقصان پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق آج شام بنڈی سنجے اپنے حامیوں کے ساتھ نکلس روڈ پہنچے تھے اور اس کا علم ہونے پر رام گوپال پیٹ پولیس انسپکٹر نے ان کی موجودگی پر اعتراض کیا اور وہاں سے روانہ ہونے کا مشورہ دیا ۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ بنڈی سنجے ایک ہوٹل میں کھانے کے بعد روانہ ہوگئے ۔ اسی دوران بعض ٹی آر ایس کارکن نکلس روڈ پہنچ گئے ۔ خیریت آباد کی ٹی آر ایس امیدوار وجیہ ریڈی نے اپنے حامیوں کے ساتھ پہنچ کر بنڈی سنجے کے حامیوں کی کار کو روک لیا اور نعرہ بازی کرنے لگے ۔ اسی دوران بی جے پی و ٹی آر ایس کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار ہوگئی اور بعض افراد نے بی جے پی قائدین کی کار کو نقصان پہنچایا۔ اس واقعہ کے بعد بعض سوشیل میڈیا اور تلگو ٹی وی چیانلس نے بنڈی سنجے پر قاتلانہ حملہ کی خبر کو عام کردیا جس کی تردید جوائنٹ کمشنر پولیس سنٹرل زون پی وشوا پرشاد نے کی۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بنڈی سنجے پر حملہ کی اطلاع غلط اور بے بنیاد ہے اور پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں پارٹیوں کے کارکنوں کو منتشر کردیا۔ پولیس رام گوپال پیٹ نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔