ٹی آر ایس 105 نشستوں پر کامیابی حاصل کریگی : محمود علی

   

حیدرآباد : وزیر داخلہ محمد محمود علی نے توقع کا اظہار کیا کہ ٹی آر ایس، جی ایچ ایم سی انتخابات میں 105 حلقوں پر کامیابی حاصل کریگی۔ ترقیاتی اقدامات اور فلاحی اسکیموں کے ساتھ 6 سال کے دور حکومت میں گریٹر حیدرآباد کی جو ترقی ہوئی ہے۔ اس سے سماج کے تمام طبقات مطمئن ہیں۔ عوام نے گزشتہ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کو 99 ڈیویژنس پر کامیابی دلائی تھی، اس مرتبہ ٹی آر ایس 105 ڈیویژنس پر کامیابی حاصل کریگی۔ 5 سال میںشہر کی ترقی پر 67 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں۔ غریب اور مستحق افراد کیلئے ایک لاکھ ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کئے گئے ۔ عوام کو مفت طبی سہولتیں فراہم کرنے 350 بستی دواخانہ قائم کئے گئے ہیں۔ شہر کی خوبصورتی اور سرسبز و شاداب میں اضافہ کرنے پارکس ، تھیم پارکس اور کالونی کے ساتھ 934 سبزہ زاروں کی ترقی کے اقدامات کئے گئے۔ برانڈ حیدرآباد کی برقراری اور پرکشش سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کئے گئے جس کے تحت نوجوانوں کو ایک لاکھ روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے۔ غریب عوام کیلئے 5 روپئے کھانے کی منفرد اسکیم متعارف کی گئی۔ ایس آر ڈی پی کے تحت سڑکوں کا جال بچھایا گیا، فلائی اوورس کی تعمیرات کے ذریعہ بڑی حد تک ٹریفک مسائل کی یکسوئی کی گئی۔ 204 اقلیتی اقامتی اسکولس قائم کئے گئے جہاں اقلیتی طلبہ کو مفت و معیاری تعلیم ‘ قیام و طعام کا انتظام ہے، جہاں 90 ہزار طلبہ زیرتعلیم جہاں ہر طالب علم پر سالانہ ایک لاکھ سے زائد روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ اقلیتی اقامتی 79 جونیر کالجس کا قیام عمل میں لایا گیا۔ بیرون ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے اقلیتی طلبہ کو 20 لاکھ روپئے دیئے جارہے ہیں۔ 24 گھنٹے برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ شہر میں لا اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے 5 لاکھ سی سی کیمرے نصب کئے گئے اور عصری نوعیت کا پولیس کمانڈ کنٹرول قائم کیا گیا۔ 6 سال میںفساد یا کرفیو نافذ نہیں ہوا، اس لئے ہر شہری کو چاہئے کہ وہ ٹی آر ایس کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کرے ۔