ٹی آر ایس کو جیت کا یقین، لاکھوں کی اکثریت کیلئے مہم

   

حیدرآباد 7 اپریل (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کو تلنگانہ میں لوک سبھا کے تمام سولہ حلقوں میں جہاں وہ مقابلہ کررہی ہے کامیابی کا پورا یقین ہے اور پارٹی قائدین جیت کی اکثریت میں اضافہ کے لئے مہم چلارہے ہیں۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسڈنٹ کے ٹی راما راؤ جی جان سے اس بات کی کوشش کررہے ہیں کہ کریم نگر لوک سبھا حلقہ سے ٹی آر ایس امیدوار چار تا پانچ لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب ہوں۔ ٹی آر ایس کے ایک اور سینئر لیڈر ٹی ہریش راؤ پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ وہ اور دوسرے ٹی آر ایس ارکان اسمبلی نے اس بات کا تہیہ کیا ہے کہ میدک لوک سبھا حلقہ سے ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی پانچ لاکھ سے زاید ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب ہوں۔ ہریش راؤ سدی پیٹ اسمبلی حلقہ سے زایداز ایک لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے اور کے ٹی آر سرسلہ اسمبلی حلقہ سے نوے ہزار ووٹوں کی اکثریت سے منتخب ہوئے ہیں۔