ٹی ایم سی ورکر کی موت، بی جے پی مورد الزام

   

مدنا پور 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کا ایک ورکر مغربی بنگال کے ضلع ویسٹ مدناپور کے نارائن گڑھ میں مردہ پایا گیا۔ پولیس نے یہ بات کہی۔ ٹی ایم سی نے الزام عائد کیا ہے کہ اِس کے کارکن کو بی جے پی ورکرس نے ہلاک کیا ہے جبکہ زعفرانی پارٹی نے اِس موت کے لئے ٹی ایم سی کے داخلی جھگڑوں کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔ 42 سالہ گنیش بھونیا کی نعش گزشتہ روز اُس کے گھر کے قریب میدان کے پاس سڑک پر پائی گئی۔ وہ کسی نامعلوم شخص کا فون کال وصول ہونے کے بعد اتوار کی رات گھر سے باہر گیا تھا۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے اور رپورٹ کا انتظار ہے۔ بی جے پی کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے صدر ڈسٹرکٹ ٹی ایم سی اجیت مائتی نے کہاکہ برسر اقتدار پارٹی بی جے پی کے تشدد کا جمہوری طریقوں کے ذریعہ جواب دے گی۔تاہم بی جے پی ڈسٹرکٹ پریسڈنٹ سمیت داس نے دعویٰ کیاکہ بچوں کو بھی معلوم ہے کہ ٹی ایم سی میں داخلی خلفشار ہے اور یہ موت اُسی کا نتیجہ ہے۔