حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی عوام کیلئے بہترین ثبوت ، 2016ء کے مقابل مزید معاشی سرگرمیوں پر توجہ :پرشانت کشور
کولکتہ : مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات کیلئے ترنمول کانگریس کا منشور ممتابنرجی کی انتخابی حکمت عملی کا مظہر ہے ۔ ممتابنرجی کے انتخابی مشیر پرشانت کشور نے مغربی بنگال کے انتخابات کیلئے جو دستاویز تیار کئے ہیں وہ 2016 کے منشور سے بھی زیادہ بہتر ہے ۔ اس منشور میں اہم نکات پر توجہ دی گئی ہے ۔ دیدی ( ممتابنرجی) کے 10وعدوں کو پورا کرنے کا عہد کیا گیا ہے ۔ ترنمول کانگریس حکومت کی گذشتہ 5سالہ کارکردگی کو بھی اس منشور میں شامل کیا گیا ہے ۔ 146 صفحات کے دستاویز میں 50صفحات پر آئندہ پانچ سال کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور تجاویز کو شامل کیا گیا ہے ۔ منشور میں 10 اہم موضوعات کا ذکر کیا گیا ہے جن میں معیشت ، سماجی انصاف اور سلامتی ، نوجوانوں ، غذا ، زراعت ، صنعت ، صحت ، تعلیم ، امکنہ اور انفراسٹرکچر شامل ہیں ۔ منشور یہ واضح ہوتا ہے کہ رائے دہندوں تک یہ بات پہنچانے کیلئے منشور میں تمام اُمور کا جائزہ لیا گیا ہے ۔منشور کی تجاویز کو سوشل میڈیا پر بھی پیش کیا جارہا ہے ۔ آڈیو ویژیول پیکیجس کو ہیش ٹیگ
’’Didir 10 Ongikar‘‘
کے ساتھ پیش کیا جارہا ہے ۔ منشور کی تیاری میں ہی اہم گروپس پر توجہ دی گئی ہے ۔ یہ بتایا گیا ہے کہ اگر ممتابنرجی کی حکومت کو اقتدار کیلئے ووٹ دیا گیا تو ان سے کن کاموں کی توقع کی جاسکتی ہے ۔منشور تجاویز میں یہ واضح کیا گیا کہ ہر فرد کیلئے اقل ترین بنیادی آمدنی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ غریبوں کی دہلیز تک راشن کی سربراہی ، طلبہ کے کریڈٹ کارڈ اسکیم ، کسانوں کو دی جانے والی مالی امداد میں اضافہ ، او بی سی زمرہ میں بعض ذات کے گروپس کو شامل کیا جارہا ہے ۔ سال 2016کے منشور کے برعکس جس میں روزگار کے تعلق سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی تھی اس مرتبہ ٹی ایم سی نے وعدہ کیا ہے کہ اگر اسے دوبارہ اقتدار پر پہنچایا گیا تو آئندہ پانچ سال کے دوران وہ سالانہ پانچ لاکھ ملازمتیں پیدا کرے گی ۔ پارٹی نے مختلف محکمہ جات میں خالی جائیدادوں کو آئندہ تین سال کے دوران مکمل کرتے ہوئے 1.1لاکھ سرکاری نوکریاں فراہم کرنے کا خصوصی قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی کے خلاف بی جے پی نے بڑے پیمانے پر انتخابی مہم شروع کی ہے ۔ ممتابنرجی میں الزام عائد کیا جارہا ہے کہ وہ مسلمانوں کی دلجوئی کرتے ہوئے مغربی بنگال کو دراندازی کا مرکز بنارہی ہے ۔ ٹی ایم سی نے گذشتہ منشور میں اقلیتی ترقی چیاپٹر کے ساتھ ایک پروگرام شروع کیا تھا ۔ سرکاری پالیسیوں میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے گئے تھے ۔ منشور کی تیاری میں ممتابنرجی کے مشیر پرشانت کشور نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ حال ہی میں انہوں نے ’’ ماں کینٹین ‘‘ کا بھی آغاز کیا ہے جس میں شہری علاقوں کے غریبوں کو پکاہوا کھانا سبسیڈی کی بنیاد پر سربراہ کیا جارہا ہے ۔جنگل محل ، ہلز اور ٹی اسٹیٹس پر ایک علحدہ چیاپٹر بنانے کے باوجود اس سال منشور میں چائے کے باغات کیلئے خصوصی پراجکٹ کی تشہیر کی گئی ہے ۔ سماجی انصاف اور سلامتی قانون کے تحت کئی شعبوں کو شامل کیا گیا ہے ۔