1370 امیدوار منتخب ، فہرست کمیشن کے سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب
حیدرآباد : 19 ڈسمبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن(TGPSC) نے گروپ III امتحانات کے نتائج جاری کردیئے ہیں ۔ کمیشن کے مطابق گروپ III کا امتحان مجموعی طور پر 1388 جائیدادوں کیلئے منعقد کیا گیا تھا جس کے تحت 1370 امیدواروں کا انتخاب عمل میں آیا ۔ یہ انتخاب 14 مارچ 2025 کو جاری کی گئی جنرل رینکنگ لسٹ (GRL) کی بنیاد پر کیا گیا ہے ۔ ٹی جی پی ایس سی نے منتخب امیدواروں کی عارضی فہرست اپنی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کردی ہے ۔ گروپ III کے امتحانات 17 اور 18 نومبر 2024ء کو منعقد ہوئے تھے جن کیلئے تقریباً 5.36 لاکھ امیدواروں نے درخواستیں داخل کی تھی ، تاہم ان میں سے صرف 50.24 فیصد امیدواروں نے ہی امتحان میں شرکت کی تھی ۔ کمیشن نے واضح کیا ہے کہ جمعرات کو جاری کئے گئے یہ نتائج عدالتوں میں زیرالتواء رٹ درخواستوں کے حتمی فیصلہ سے مشروط ہوں گی ۔ اس سلسلہ میں ٹی جی پی ایس سی کی سکریٹری ڈاکٹر پرینکا نے کہا کہ اگر کسی بھی مرحلے پر یہ ثابت ہوتا ہے کہ کسی امیدوار نے غلط یا گمراہ کن معلومات فراہم کی ہیں تو کمیشن کے پاس اس امیدوار کے انتخاب کو منسوخ کرنے کا مکمل اختیار محفوظ ہے ۔ ٹی جی پی ایس سی نے امیدواروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سرکاری ویب سائٹ پر جاری کردہ ہدایات کا بغور مطالعہ اور آئندہ مراحل کیلئے تیار رہے ۔2
