ٹی ڈی پی قائد کی گڈنا واگو پراجکٹ میں چھلانگ لگاکر خودکشی

   

بھینسہ /27 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ شہر کے سینئیر سیاسی ٹی ڈی پی قائد و ٹی ڈی پی ٹاون صدر لکشمن جو بھینسہ میں نہیں بلکہ اطراف و اکناف میں این ٹی آر لکشمن کے نام مشہور تھے ۔ آج شہر کے گڈنا واگو پراجکٹ میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ ٹاون سب انسپکٹر سرینواس راؤ نے بتایا کہ لکشمن بعمر 59 سال بھاگیہ لکشمی ٹریڈنگ وکاٹن کمیشن ایجنٹ مالک صبح اپنے مکان سے بذریعہ موٹر سائیکل نکلے اور دوپہر کے اوقات میں کسی فرد کو ان کی موٹر سائیکل گڈنا واگو پراجکٹ کے قریب دکھائی دی ۔ جس کی اطلاع افراد خاندان کی جانب سے پولیس کو دی گئی ۔ جس پر پولیس نے پراجکٹ پر موجود سی سی ٹی وی کیمروں کا مشاہدہ کرنے پر آج صبح کے اوقات میں مذکورہ شخص گڈنا واگو پراجکٹ کی جانب سے جاتا ہوا دیکھائی دیا ۔ بعد ازاں ٹاون سرکل انسپکٹر سرینواس اور ٹاون ایس آئی سرینواس راؤ پولیس جمعیت اور این ٹی آر لکشمن کے افراد خاندان گڈنا واگو پراجکٹ پہونچکر معائنہ کرنے پر سطح آب پر نعش کا سر نظر آیا ۔ جس پر مقامی افراد سیاسی قائدین اور عوام کا اژدھام جمع ہوگیا ۔ بعد ازاں پولیس کی نگرانی میں نعش کو پانی سے باہر نکالتے ہوئے بغرض پوسٹ مارٹم بھینسہ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ ٹاون ایس آئی سرینواس راؤ نے خودکشی کی وجہ گھریلو تنازعات بتائی ہے اور اس ضمن میں ایک کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔