ٹی 20 ورلڈ کپ،پاکستان ویزے اور سیکیورٹی کا خواہاں

   

کراچی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیئر مین احسان مانی نے کہا ہے اس سال ہندوستان میں مجوزہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لئے آئی سی سی نے بی سی سی آئی کو31 مارچ کی ڈیڈلائن دی ہے جس میں ہندوستانی بورڈ کو پاکستان ٹیم کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی تحریری یقین دہانی کے ساتھشائقین اور میڈیا کو ویزے دینے کی شرط بھی شامل ہے۔احسان مانی نے کہا ہے کہ ہندوستانی حکومت نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے ٹیکس کلیئرنس اورکوویڈ 19کے پروٹوکولز بناکر دینے ہوں گے ان تنیوں مسائل پر ہندوستانی بورڈ کو تحریری طور پر لکھ کر آئی سی سی کو 31مارچ سے پہلے بھیجنے ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بصورت دیگر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی متحدہ عرب امارات میں منتقل کردیا جائے گا۔سوال پرکہ چیئرمین پی سی بی کے کنٹریکٹ کی میعاد ختم ہونے میں چھ ماہ باقی رہ گئے ہیں کیا وہ وزیر اعظم عمران خان سے اپنا کنٹریکٹ بڑھ جانے کی بات کریں گے؟احسان مانی نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی خود سے کوئی چیز نہیں مانگی اور نہ وہ خود سے درخواست کریں گے، اگر وہ چاہتے ہیں کہ میں مسلسل کام کرتا رہوں تو سوچیں گے۔احسان مانی سے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان سے اختلافات کے حوالے سے سوال ہوا تو دونوں نے دوران پریس کانفرنس ہاتھ ملایا اور اس تاثرکو غلط قرار دیا کہ ان کے درمیان کوئی اختلافات ہیں۔احسان مانی نے کہا کہ دونوں کے درمیان کسی رائے پر اختلاف تو ہو سکتا ہے لیکن یہ اختلاف ذاتی نوعیت کا ہرگز نہیں ہے۔احسان مانی نے مزید کہا کہ گزشتہ سال کوویڈ 19 کی وجہ سے ایشیا کپ رواں سال کرایا جانا تھا لیکن اس سال جون میں آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ کا فائنل ہے اس لئے اس سال بھی ایشیا کپ کا انعقاد ہوتا نظر نہیں آرہا ہے۔