ٹی 20 ورلڈ کپ : گروپ 1 کے آخری میچ میں سری لنکا کو شکست

   


انگلینڈ بھی نیوزی لینڈ کیساتھ سیمی فائنل میں داخل، آسٹریلیا باہر
دیگر سیمی فائنل ٹیموں کا آج فیصلہ ۔ جنوبی افریقہ و نیدرلینڈز، پاکستان و بنگلہ دیش اور ہندوستان و زمبابوے کے تین میچز مقرر

سڈنی: اسٹار آل راؤنڈر بین اسٹوکس کے 44 رنز (ناٹ آؤٹ) کی بدولت انگلینڈ نے آج ہفتہ کو آئی سی سی ٹی 20ورلڈ کپ 2022کے سوپر 12 مقابلے میں سری لنکا کو 4 وکٹ سے شکست دے کر سیمی فائنل میں دستیاب دوسری و آخری جگہ حاصل کرلی۔ نیوزی لینڈ نے جسے اس گروپ 1 میں اول مقام حاصل ہوا ، گزشتہ روز ہی سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی تھی۔ آج انگلینڈ کی جیت کے ساتھ ہی میزبان اور ڈیفنڈنگ چمپئن آسٹریلیا نٹ رن ریٹ کی بنیاد پر گروپ میں تیسرے مقام کے ساتھ ٹورنمنٹ سے اخراج کی راہ لی۔ نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا تینوں نے ہی سوپر 12 مرحلے میں پانچ، پانچ میچز کھیلے۔ تینوں نے تین، تین مقابلے جیتے۔ ایک، ایک ہارا اور ایک، ایک میچ بے نتیجہ رہا۔ اس طرح سیمی فائنل کیلئے دو ٹیموں کے انتخاب کیلئے نٹ رن ریٹ کو کسوٹی بنایا گیا جس میں آرن فنچ زیرقیادت آسٹریلیائی ٹیم پچھڑ گئی۔ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے مثبت (+) کے مقابل میزبان ٹیم کا نٹ رن ریٹ منفی (-) میں ریکارڈ ہوا۔ آج سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کا مقررہ 142 رنز کا ہدف دو گیندیں قبل 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ سری لنکا نے پتھم نسانکا (67) کی نصف سنچری کی مدد سے 141/8 اسکور کئے۔ انگلینڈ نے کرو یا مرو کے میچ میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 75 رنز بنائے لیکن یہاں سری لنکا کے اسپنرز نے ان کی مشکلات میں اضافہ کیا۔ وینندو ہسرنگا اور دھننجے ڈی سلوا نے رنز کی رفتار کو کم کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کئے جبکہ لاہیرو کمارا نے بھی دو بیاٹروں کو پویلین بھیجا۔ درمیانی اوورز میں سری لنکا کی شاندار بولنگ کی بدولت انگلینڈ کا اسکور 9 اوورز میں 75/0 سے 18 اوورز میں 129/6 ہوگیا۔ جہاں ایک سرے سے وکٹیں گرتی رہیں، اسٹوکس نے دوسرے سرے کو تھام لیا اور کم اسکور والے میچ میں انگلینڈ کی جیت کو یقینی بنایا۔ اسٹوکس نے 36 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جبکہ آٹھویں نمبر کے بلے باز کرس ووکس (5 ناٹ آؤٹ) نے انگلینڈ کو چوکے کی مدد سے ٹارگٹ کے پار پہنچا دیا۔ اس جیت کے ساتھ سوپر 12 مرحلے میں گروپ 1 کے مقابلوں کی تکمیل ہوگئی۔ گروپ 2 جس میں ہندوستان اور پاکستان کی دو کٹر روایتی حریف ٹیمیں شامل ہیں، اس کا سیمی فائنل سلیکشن اتوار 6 نومبر کو مقرر ہے۔ ایک روز میں تین مقابلے رکھے گئے ہیں۔ سب سے پہلے صبح 5:30 بجے (انڈیا ٹائم) اڈیلیڈ میںجنوبی افریقہ اور نیدرلینڈز کا مقابلہ ہوگا۔ صبح 9:30 بجے اڈیلیڈ میں ہی پاکستان اور بنگلہ دیش کھیلیں گے۔ یہ بابراعظم زیرقیادت پاکستانی ٹیم کیلئے نہایت اہم مقابلہ ہے جس میں شکست پاکستان کو دن کے آخری میچ سے قبل ہی ٹورنمنٹ سے باہر کردے گی۔ پاکستان کی کامیابی کی صورت میں دوپہر 1:30 بجے ملبورن میں ہندوستان اور زمبابوے کے درمیان سوپر 12 مرحلے کا آخری مقابلہ بہت اہم ہوجائے گا۔ صبح جنوبی افریقہ کو شکست ہوجائے تو ہندوستان کیلئے جیت اور ہار سے فرق نہیں پڑے گا اور انڈیا و پاکستان دونوں ’’آخری چار‘‘ میں شامل ہوجائیں گے۔