پائیگاہ پیالیس کو تلنگانہ میوزیم میں تبدیل کرنے کی تیاری

   

امریکی قونصل خانہ کی فینانشیل ڈسٹرکٹ کو منتقلی کے بعد حکومت کا اہم فیصلہ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : حکومت بیگم پیٹ میں واقع شہر کی ایک تاریخی عمارت پائیگاہ پیالیس کو تلنگانہ میوزیم میں تبدیل کرنے کی تجویز تیار کررہی ہے ۔ اسی تاریخی عمارت میں مارچ تک امریکی قونصل خانہ خدمات انجام دے رہا تھا ۔ فینانشل ڈسٹرکٹ میں امریکی قونصل خانہ کی نئی عمارت تعمیر کرنے کے بعد یہ دفتر وہاں منتقل کردیا گیا ہے جو تاریخی عمارت امریکی قونصل خانہ کے طور پر کام کررہی تھی وہ اس سال مارچ سے خالی ہے ۔ جس کو حکومت نے اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے ۔ امریکی قونصل خانہ کا دفتر قائم ہونے سے پہلے اس تاریخی عمارت میں حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کا صدر دفتر قائم تھا ۔ حکومت نے انتہائی وسیع و عریض محل کو انتہائی اہم خدمات فراہم کرنے کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت اس ترتیب میں تاریخی عمارت کو تلنگانہ کے میوزیم میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ تقریبا 5 ایکڑ رقبے پر پھیلی یہ عمارت کورسٹی میں واقع ہے اور لوگوں کے یہاں آنے جانے کے لیے موزوں تصور کی جارہی ہے ۔ عنقریب اس کے انتظامات مکمل کئیے جانے کے امکانات ہیں تب تک اس تاریخی عمارت کی ذمہ داری ایچ ایم ڈی اے کے حوالے کی گئی ہے ۔ عمارت کی حفاظت کے لیے خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور عہدیدار اس عمارت کا متواتر دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں اور عمارت کی سیکوریٹی کا معقول انتظام کیا گیا ہے ۔۔ ن