پابندیوں کے باوجود 20 ہزار فلسطینیوں کی مسجد اقصیٰ میں نماز ِجمعہ

,

   

یروشلم؍مقبوضہ بیت المقدس : اسرائیلی فوج اور پولیس کی طرف سے سخت پابندیوں کے باوجود 20 ہزار فلسطینیوں نے مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ ادا کی۔ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کیلئے غرب اردن سے آنے والے نمازیوں کی بسیں روک دیں۔پرانے بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے اطراف میں بھاری تعداد میں پولیس اور فوج کو تعینات کیا گیا۔ پولیس کی گشتی پارٹیوں کی بڑی تعداد فلسطینی نمازیوں کو روکنے کی کوشش کرتے رہے۔نماز جمعہ کی ادائی کے بعد باب الاسباط اور دوسرے دروازوں سے باہر نکلنے والے نمازیوں کو روک دیا گیا۔ جمعہ کو علی الصباح صہیونی فوج اور پولیس نے مسجد اقصیٰ کے اطراف کو گھیرے میں لے لیا تھا۔ ادھر مسجد اقصیٰ کے امام الشیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ اسرائیلی ریاست کورونا وبا ء سے غیرقانونی فائدہ اٹھا کر مسجد اقصیٰ کو یہودیوں کی ناپاک سازشوں کو آگے بڑھا رہی ہے۔50 دنوں سے جاری پابندی کے بعد مسجد اقصیٰ میں فلسطینیوں نے قبلہ اول میں نماز جمعہ ادا کی۔اس موقعے پر نماز جمعہ کی امامت الشیخ ابو اسنینہ نے کی اور انہوں نے مسجد میں موجود تاریخی صلاح الدین ایوبی منبر سے خطبہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت مسلمانوں سے مسجد اقصیٰ کو نہیں چھین سکتی۔ تا قیامت یہ مقام مسلمانوں کے دلوں میں آباد رہے گا۔