مسافروں میں زبردست بھگدڑ، کئی مسافر جھلس گئے
لکھنؤ :اتر پردیش کے آگرہ میں ٹرین میں آتشزدگی کا ایک خوفناک حادثہ پیش آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تھانہ ملپورہ کے بھاڑئی ریلوے اسٹیشن کے پاس پنجاب کے فیروزپور سے چھندواڑہ جا رہی پاتال کوٹ ایکسپریس کے دو ڈبوں میں اچانک آگ لگ گئی جس نے مسافروں میں بھگدڑ کی حالت پیدا کر دی۔ آگ کی شدت کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دونوں ڈبے کے بیشتر حصے جل کر خاک ہو گئے۔بتایا جاتا ہے کہ چہارشنبہ کی دوپہر پاتال کوٹ ایکسپریس میں آگ لگنے کا یہ واقعہ پیش آیا حالانکہ اس کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ ذرائع سے موصولہ خبروں کے مطابق اس آگ کی زد میں کئی مسافر آئے ہیں جنھیں علاج کے لیے مقامی ہاسپٹل لے جایا گیا ہے۔ ٹرین میں آگ لگنے سے چیخ و پکار مچ گئی اور پھر فوری طور پر ریل و مقامی انتظامیہ کو اس کی جانکاری دی گئی۔ موقع پر فائر بریگیڈ کی ٹیم بھی پہنچ چکی ہے اور آگ کی زد میں آئی بوگیوں سے سبھی لوگوں کو بہ حفاظت باہر نکالا گیا، حالانکہ اس دوران کئی مسافر زخمی ہوئے۔ ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 10 سے 12 مسافر زخمی ہوئے ہیں جنھیں فوری طور پر علاج مہیا کرایا گیا ہے۔جھلسنے والے مسافروں میں سے ایک کا نام راہول بتایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حادثہ بہت بھیانک تھا۔ کافی لوگ اوپر سو رہے تھے اور آگ کی لپٹیں دیکھنے کے بعد سبھی باہر کی طرف بھاگے۔ بیشتر لوگ بوگی سے نکل گئے لیکن کچھ لوگ معمولی طور پر جھلس گئے۔ مقامی لوگوں نے جب دور سے ٹرین میں لگیآگ کو دیکھا تو وہ بھی دوڑے ہوئے پہنچے اور بوگی سے باہر نکلنے میں لوگوں کی مدد کرنے لگے۔