پارلیمانی انتخابات میں کامیابی کیلئے حکمت عملی پر غور

   

متحدہ نظام آباد کے کانگریس قائدین کے ساتھ چیف منسٹر کا اجلاس، پارٹی کی خلاف ورزی پر انتباہ
نظام آباد ۔ 9 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) متحدہ ضلع کے کانگریس قائدین کے ساتھ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اجلاس منعقد کیا اور آئندہ منعقد شدنی پارلیمانی انتخابات کے بارے میں غور کیا گیا اس اجلاس میں ضلع کے وزیر جو پلی کرشنا رائو ، ارکان اسمبلی ڈاکٹر بھوپت ریڈی ، مدن موہن رائو ،لکشمی کانت رائو کے علاوہ حالیہ انتخابات میں مقابلہ کرنے والے امیدواروں نے شرکت کی ۔ پارلیمانی انتخابات فروری یا مارچ میں منعقد ہونے کے امکانات کے پیش نظر نظام آباد ، ظہیر آباد ، میدک پارلیمانی حلقہ سے مقابلہ کرنے والے امیدواروں کے بارے میں غور کیا گیا اور پارلیمانی حلقوں کے حالات کے علاوہ بی آرایس ، بی جے پی پارٹیوں سے کونسے امیدوار مقابلہ کرتے ہیں کانگریس کی جانب سے کامیابی کیلئے اختیار کئے جانے والے لائحہ عمل پر غور کرتے ہوئے پارٹی کے امیدوار کی کامیابی کیلئے متحدہ طور پر کام کرنے کی اور حکومت کی جانب سے انجام دئیے جانے والے اسکیمات کی عمل آوری اور ترقیاتی کاموں کے کام صد فیصد انجام دینے کی ہدایت دی گئی، کسی قسم کے کمیشن یا دیگر دھاندلیوں کو انجام نہ دینے پر زور دیا گیا۔ پارٹی کے خلاف ورزی کرنے کی صورت میں سخت کارروائی کا بھی انتباہ دینے کی اطلاع ہے ۔ پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے ابھی سے کمربستہ ہوجانے کی چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت دی ۔