پارلیمانی انتخابات کی تیاریوں میں ضلع انتظامیہ مصروف

   

ورنگل میں کلکٹر پرشانت پاٹل کی نگرانی میں ای وی ایمس کی تنقیح اور دیگر اُمورکا جائزہ

ہنمکنڈہ۔/20 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ورنگل میں اسمبلی اور پنچایت انتخابات کے بعد اب ضلع انتظامیہ پارلیمانی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے، جس کے لئے درکار ای وی ایمس ، وی وی پیاڈس کو تیار رکھا جارہا ہے۔ ووٹرس کی پہلی فہرست کی اجرائی کیلئے بھی تیاری کی جارہی ہے۔ پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کیلئے چار دن قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے کلکٹرس کا اجلاس طلب کیا گیاجبکہ 22 فروری کو پہلی فہرست رائے دہندگان کی اجرائی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ محکمہ مال کے عہدیداروں نے بتایا کہ ورنگل پارلیمانی حدود کے تحت ورنگل اربن ضلع کے ورنگل ایسٹ، ورنگل ویسٹ اور وردھنا پیٹ اسمبلی حلقوں ، جنگاؤں کے حلقہ پالاکورتی، اسٹیشن گھن پور، ورنگل رورل ضلع میں پرکال ، بھوپال پلی کے حلقے آتے ہیں۔ ورنگل اربن ضلع کے تین حلقوں کی الیکشن آفیسر و ضلع کلکٹر پرشانت جیون پاٹل انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔ کلکٹر نے پہلے مرحلہ کیلئے ای وی ایمس کا معائنہ کیا۔ آن لائن اطلاع کے مطابق ورنگل پارلیمانی حدود میں 1543 پولنگ سنٹرس ہیں۔ ریونیو عہدیداروں نے بتایا ہے کہ اس میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ اربن کے تین حلقوں میں 723 پولنگ سنٹرس ہیں۔ پارلیمانی انتخابات کا نوٹیفکیشن جاری ہونے سے قبل ہی ضلع انتظامیہ تیاری میں مصروف ہے۔ اینو مامولا میں حفاظت میں رکھے گئے ای وی ایمس کا کلکٹر نے معائنہ کیا۔ بنگلور بیل کمپنی کے 12 انجینئرس نے مشینوں کی تنقیح کی۔ انہوں نے بتایا کہ894 بیالٹ یونٹ ٹھیک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کام نہ کرنے والے بی یو سی یو ، وی وی وپیاڈس کو بنگلور کے ٹیل کمپنی کو واپس بھیج دیا جائے گا۔26 ڈسمبر کو 678036 ووٹرس پر مشتمل فہرست کو جاری کیا گیا تھا۔ ڈسمبر 26 سے 4 فروری تک فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت و پتہ کی درستگی کیلئے مواقع فراہم کئے گئے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مزید 52 ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔