تلنگانہ میں طبی خدمات کی ستائش، آنکھوں کی روشنی پروگرام کی تفصیلات پیش
حیدرآباد۔21۔ جنوری (سیاست نیوز) پارلیمانی اسٹانڈنگ کمیٹی برائے صحت و خاندانی بہبود نے آج ریاستی حکومت کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ کمیٹی کی قیادت کے بھونیشور کر رہے ہیں اور کمیٹی میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے ارکان شامل ہیں۔ پارلیمانی کمیٹی حیدرآباد کے دورہ پر ہے تاکہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے عوام کو دی جانے والی طبی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جائیں۔ چیف سکریٹری شریمتی شانتی کماری اور محکمہ صحت کے دیگر عہدیداروں نے تفصیلات سے واقف کرایا۔ کمیٹی کو تلنگانہ میں دماغی امراض سے متعلق علاج اور پردھان منتری ٹی بی مکت بھارت ابھیان پر عمل آوری سے واقف کرایا گیا۔ چیف سکریٹری نے صحت کے شعبہ میں تلنگانہ حکومت کے اقدامات کی تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہر ضلع میں میڈیکل کالجس کے قیام کے ذریعہ ہیلت انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے ہیں۔ حکومت نے حال ہی میں محکمہ صحت میں تقررات کا عمل شروع کیا ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے حاملہ خواتین کیلئے کے سی آر کٹ اسکیم متعارف کی ہے جس کے تحت مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ تلنگانہ میں ہر شخص کی بینائی کے تحفظ کے لئے آنکھوں کی روشنی پروگرام کا دوسرا مرحلہ شروع کیا گیا ۔ پارلیمانی کمیٹی کو دوسرے مرحلہ میں طئے شدہ نشانوں کی تفصیلات سے واقف کرایا گیا ۔ کمیٹی کے ارکان نے تلنگانہ حکومت کی مختلف اسکیمات کی ستائش کی۔ سکریٹری ہیلت سید علی مرتضیٰ رضوی ، سکریٹری ایجوکیشن وی کرونا، کمشنر ہیلت شویتا موہنتی ، ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن شریمتی دیوا سینا ، ڈائرکٹر پبلک ہیلت سرینواس راؤ اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ر