پارلیمنٹ سرمائی اجلاس میں دو اہم مالیاتی بل کی منظوری متوقع

   

نئی دہلی: حکومت مالیاتی شعبے سے متعلق دواہم بل پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں لاسکتی ہے۔ ان کا اعلان بجٹ میں کیاگیاہے۔ ان میں سے ایک بل سرکاری شعبے کے بینکوں کی نجی کاری کی آسانی سے تکمیل سے متعلق ہے۔اس کے علاوہ ، حکومت نیشنل پینشن سسٹم ٹرسٹ (این پی ایس) کو پنشن فنڈ ریگولیٹری اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ایف آر ڈی اے) سے الگ کرنے کے لیے پی ایف آر ڈی اے ایکٹ ، 2013 میں ترمیم کا بل بھی لا سکتی ہے۔ اس سے پنشن کا دائرہ وسیع ہوگا۔ذرائع نے بتایاہے کہ پارلیمنٹ کے آئندہ سرمائی اجلاس میں حکومت بینکنگ ریگولیشن ایکٹ 1949 میں ترمیم کے لیے بل لا سکتی ہے۔اس کے علاوہ، بینکوں کی نجی کاری کے لیے، بینکنگ کمپنیز (ایکوزیشن اینڈ ٹرانسفر آف انڈرٹیکنگز) ایکٹ، 1970 اور بینکنگ کمپنیز (ایکسیشن اینڈ ٹرانسفر آف انڈرٹیکنگز) ایکٹ، 1980 میں ترامیم کی ضرورت ہوگی۔ ذرائع نے بتایاہے کہ ان قوانین کے ذریعے بینکوں کودومرحلوں میں قومیایا گیا۔ اب بینکوں کی نجی کاری کے لیے ان قوانین کی دفعات کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہوگی۔پارلیمنٹ کا ایک ماہ کا سرمائی اجلاس اگلے ماہ کے آخر میں شروع ہونے کی توقع ہے۔ بجٹ کے ضمنی مطالبات کی دوسری قسط بھی اس سیشن میں رکھی جائے گی۔ فینانس بل کے علاوہ حکومت اس کے ذریعے اضافی خرچ کر سکتی ہے۔وزیر خزانہ نرملا سیتارامن نے 2021-22ء کا بجٹ پیش کرتے ہوئے حکومت کے 1.75 لاکھ کروڑ روپے کے ڈس انویسٹمنٹ نشانہ کو پورا کرنے کے لیے پبلک سیکٹر بینکوں کی نجی کاری کا اعلان کیاہے۔